• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

مقبوضہ کشمیر میں 4 جوانوں کا ماورائے قانون قتل، پاکستان کا اظہار مذمت

شائع June 21, 2022
—فائل/فوٹو: ڈان
—فائل/فوٹو: ڈان

پاکستان نے مقبوضہ جموں اور کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے 4 جوانوں کے ماورائے قانون قتل کی شدید مذمت کردی۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘مقبوضہ کشمیر کے اضلاع پلواما اور بارہ مولا میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کے تازہ سلسلے میں 4 کشمیری نوجوانوں کا ماورائے قانون قتل کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے’۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری جاں بحق

بیان میں کہا گیا کہ ‘جب سے بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات کیے تھے، تب سے 363 سے زائد کشمیری جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشنز میں شہادت پا چکے ہیں’۔

دفترخارجہ نے بتایا کہ ‘صرف رواں برس 113 کشمیریوں کو ماورائے قانون قتل کردیا گیا ہے’۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘مقبوضہ کشمیر میں شدید فوجی کریک ڈاؤن اور ماورائے عدالت قتل کی بڑھتی ہوئی تعداد بھارت میں بی جے پی۔آر ایس ایس سے متاثرہ ہندوتوا انتہاپسندوں کے مسلم مخالف عزائم کا حصہ ہے، بدقسمتی سے کشمیری نوجوان مقبوضہ کشمیر میں تعینات 9 لاکھ قابض فوج کا خاص ہدف رہے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ کشمیر کے عوام کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال، ماورائے عدالت قتل، حراستی تشدد، ہلاکتیں، جبری گمشدگیاں، کشمیری قیادت اور نوجوانوں کی قید و بند اور دیگر ہتھکنڈے ماضی میں ناکام ہوئے اور آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوں گے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘گزشتہ سال ایک ڈوزیئر کے ذریعے پاکستان نے دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کیے ہیں’۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی کارروائیاں، 6 کشمیری جاں بحق

ترجمان نے کہا کہ ‘پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی 2018 اور 2019 کی کشمیر رپورٹس میں سفارش کے مطابق ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن قائم کرکے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہےکہ وہ بھارت کو بے گناہ کشمیریوں پر مظالم کا ذمہ دار ٹھہرائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ جموں اور کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے’۔

مقبوضہ جموں اور کشمیر میں گزشتہ ہفتے بھی بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری جاں بحق ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024