• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

مالی سال 2022 میں آٹو سیکٹر میں فروخت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

شائع July 16, 2022
660 سی سی سوزوکی آلٹو 71 ہزار 198 یونٹس کے ساتھ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی رہی— فائل فوٹو: اے ایف پی
660 سی سی سوزوکی آلٹو 71 ہزار 198 یونٹس کے ساتھ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی رہی— فائل فوٹو: اے ایف پی

بڑھتی ہوئی قیمتوں، ایندھن اور سود کی ریکارڈ شرحوں، آٹو فنانسنگ پر پابندیوں اور مئی میں کچھ اسمبلرز کی جانب سے ایڈوانس بکنگ کی معطلی کے باوجود گاڑیوں، جیپ اور پک اپ کی فروخت مالی سال 2022 میں اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

تاہم ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 2 اور 3 پہیوں والی سواریوں کی فروخت میں معمولی کمی دیکھی گئی۔

مسافر گاڑیوں کی کُل فروخت میں 55 فیصد کا شاندار اضافہ ہوا جو مالی سال 2021 میں ایک لاکھ 51 ہزار 182 یونٹس کے مقابلے میں مالی سال 2022 میں 2 لاکھ 34 ہزار 180 یونٹس ہو گیا۔

660 سی سی سوزوکی آلٹو 71 ہزار 198 یونٹس کے ساتھ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی رہی جس کی فروخت میں مالی سال 2021 میں 37 ہزار 720 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں 89 فیصد اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: مالی سال 20-2019: آٹو سیکٹر میں فروخت میں غیر معمولی کمی

پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی اے ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں میں 56 ہزار 526 یونٹس کے ساتھ ٹویوٹا یارس اور 46 ہزار 650 یونٹس کے ساتھ کرولا مشترکہ فروخت میں ریکارڈ کی گئی۔

جون 2022 کا مہینہ بھی گاڑیوں کے 23 ہزار 547 یونٹس کی فروخت کے ساتھ تسلی بخش ثابت ہوا، جبکہ مئی 2022 میں یہ فروخت 19 ہزار 395 یونٹس تھی۔

جیپ اور پک اپس میں ٹویوٹا گاڑیوں کی فروخت مالی سال 2021 کی 10 ہزار 586 یونٹس فروخت سے بڑھ کر مالی سال 2022 میں 18 ہزار 5 یونٹس ہو گئی، جبکہ ہونڈا بی آر–وی کی فروخت 4 ہزار 15 یونٹس سے 6 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 255 یونٹس ہو گئی۔

مجموعی طور پر 2 اور 3 پہیوں والی سواریوں کی فروخت 19 لاکھ 3 ہزار یونٹس سے 4.3 فیصد کم ہوکر 18 لاکھ 21 ہزار یونٹ رہ گئی، طلب بڑھنے کے سبب قیمتیں بڑھانے کے باوجود ہونڈا، سوزوکی اور یاماہا کے اسمبلرز نے بالترتیب 5 فیصد اضافے سے 13 لاکھ 60 ہزار، 52 فیصد اضافے سے 37 ہزار 846 اور 17 فیصد اضافے کے ساتھ 23 ہزار 289 یونٹس فروخت کیے۔

مزید پڑھیں: رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں گاڑیوں کی فروخت میں غیرمعمولی اضافہ

اس کے برعکس راوی، روڈ پرنس، اور یونائیٹڈ آٹو موٹرسائیکل جیسی کم قیمت چینی اسمبل شدہ موٹر سائیکلوں کی فروخت مالی سال 2022 میں بالترتیب 40 فیصد، 36 فیصد اور 28 فیصد کم ہو کر 3 ہزار 563، 89 ہزار 900 اور 2 لاکھ 65 ہزار 67 یونٹس پر آگئیں۔

تین پہیوں والی چنگچی سواری 'کنگقی، سازگار، روڈ پرنس اور یونائیٹڈ کی فروخت مالی سال 2022 میں 13 ہزار 935، 15 ہزار 683، 8 ہزار 361 اور 3 ہزار 156 رہی جوکہ مالی سال 2021 میں18 ہزار 753، 15 ہزار 665، 10 ہزار 116 اور 6 ہزار 653 یونٹس تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024