• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

گال ٹیسٹ: عبداللہ شفیق کی سنچری، پاکستان کو جیت کیلئے 120 رنز درکار

شائع July 19, 2022
عبداللہ شفیق نے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
عبداللہ شفیق نے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
اوپنرز نے پاکستان کو 87 رنز کا آغاز فراہم کیا — فوٹو بشکریہ پاکستان کرکٹ
اوپنرز نے پاکستان کو 87 رنز کا آغاز فراہم کیا — فوٹو بشکریہ پاکستان کرکٹ

پاکستان نے عبداللہ شفیق کی سنچری اور بابر اعظم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں پر 222 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔

گال میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن سری لنکا نے 329 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو انہیں مجموعی طور پر 333 رنز کی برتری حاصل تھی۔

تجربہ کار دنیش چندیمل نے سنچری کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے اسکور آگے بڑھانا شروع کیا تاہم ابھی انہوں نے 8 رنز جوڑے ہی تھے کہ نسیم شاہ نے دوسرے اینڈ سے پراباتھ جے سوریا کی وکٹیں بکھیر کر ان کا سنچری کا خواب چکنا چور کردیا۔

سری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 337 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا، چندیمل نے آؤٹ ہوئے بغیر 94 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 5 اور یاسر شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ٹیم کو 87 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا جبکہ اس دوران بلے بازوں کو مشکل مراحل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

اننگز کے پانچویں اوور میں امام الحق کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو قرار دیا لیکن انہوں نے فوری طور پر ریویو لیا اور ان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا کیونکہ گیند وکٹ کے اوپر سے گزر رہی تھی اور اس طرح امام کا وکٹ پر قیام جاری رہا۔

ایک اوور بعد ہی امام کو ایک اور بڑا موقع اس وقت ملا جب انہوں نے کور میں شاٹ کھیلا لیکن چندیمل ایک مشکل کیچ لینے میں ناکام رہے اور کھانے کے وقفے تک دونوں کھلاڑیوں نے کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

عبداللہ شفیق نے دوسرے اینڈ سے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 87 کے مجموعی اسکور پر امام الحق کی 35 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جو اسٹمپ ہو کر پویلین واپسی پر مجبور ہوئے۔

تجربہ کار اظہر علی ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 6 رنز بنانے کے بعد جے سوریا کو وکٹ دے بیٹھے۔

103 رنز پر دو وکتیں گرنے کے بعد عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے کپتان بابراعظم آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شرع کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 100رنز سے زائد کی ساجھے داری قائم کی، اس دوران نوجوان عبداللہ شفیق نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود کپتان بابر نے بھی نصف سنچری داغ دی۔

کپتان بابراعظم 55 رنز بنا کر چوتھے روز آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے اور اس وقت پاکستان کا اسکور 205 رنز تھا اور جیت کے لیے 173 رنز درکار تھے۔

گال ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 3 وکٹوں پر 222 رنز بنالیے اور جیت کے لیے مزید 120 رنز کا سنگ میل عبور کرنا ہے۔

عبداللہ شفیق 112 اور محمد رضوان 7 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

خیال رہے کہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 222 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 218 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024