• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش

شائع August 10, 2022
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 14 اگست تک جاری رہ سکتا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 14 اگست تک جاری رہ سکتا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 14 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔

کراچی کے علاقے سپر ہائی وے اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اس کے علاوہ ملیر، اسکیم 33، قائد آباد، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، گلستان جوہر میں بھی بارش ہو رہی ہے۔

دوسری جانب صدر آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، کورنگی، لانڈھی، ڈیفنس اور کلفٹن کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز، کہیں ہلکی بارش

محکمہ موسمیات نے سندھ میں آج سے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کراچی اور دیگر شہروں کے لیے اربن فلڈنگ الرٹ جاری تھا۔

گزشتہ روز ڈان سے بات کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز نے کہا تھا کہ 11 اگست کے بعد سسٹم زیادہ طاقتور ہونے کی توقع ہے جبکہ مشرقی بھارت میں بننے والا ہوا کم دباؤ پاکستان میں داخل ہوگا، اس کے اثرات پورے سندھ پر پڑنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ موسمی نظام نے سمندری ہواؤں کو روک دیا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں موسم گرم اور مرطوب ہے۔

محکمہ موسمیات کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 10 سے 13 اگست کے دوران سمندری صورتحال انتہائی خراب ہونے کا خدشہ ہے، اس میں ماہی گیروں کو اضافی احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

اس میں کہا گیا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدر آباد، مٹیاری، ٹھٹہ، سجاول، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، دادو، جامشورو اور قمبر شہدادکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موسلادھار بارشوں سے کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، دادو، جامشورو، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور سکھر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

ادھر 10 اگست سے بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں بھی بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جس سے دادو، جامشورو، قمبر شہداد کوٹ کے اضلاع میں سیلاب آسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خضدار، لسبیلہ اور حب کے اضلاع اور کیرتھر رینج میں مسلسل تیز بارش حب ڈیم، تھڈو ڈیم پر پانی کا اضافی دباؤ پیدا کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں سے تباہی، سول و عسکری حکام کی امدادی سرگرمیاں جاری

دوسری جانب کے الیکٹرک ترجمان نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں ترجمان کے الیکٹرک نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بجلی کے آلات استعمال کرتے وقت محتاط رہیں اور تیز ہوائیں چلنے کی صورت میں بل بورڈز، بجلی کے کھمبوں اور زیر تعمیر عمارتوں سے فاصلہ رکھیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے بجلی کی فراہمی میں تعطل آسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈیرہ غازی خان میں بند ٹوٹ گیا، پہاڑوں سے آنے والے سیلاب میں 6 افراد ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ کے ای عملہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور الرٹ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں رواں سال مون سون موسم نے سندھ اور بلوچستان میں تباہی مچادی ہے، وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ صوبوں میں بارشوں نے 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024