• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

نئے مالی سال کے پہلے ماہ میں گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں کمی

شائع August 13, 2022
جولائی 2022 میں جیپ اور پک اپ کی فروخت میں 64.6 فیصد کمی دیکھی گئی— فائل فوٹو: رائٹرز
جولائی 2022 میں جیپ اور پک اپ کی فروخت میں 64.6 فیصد کمی دیکھی گئی— فائل فوٹو: رائٹرز

مالی سال 23-2022 کا آغاز آٹو انڈسٹری کے لیے منفی رہا کیونکہ فروخت میں نمایاں سست روی کے سبب جولائی 2021 کے مقابلے میں جولائی 2022 میں جیپ اور پک اپ کی فروخت میں 64.6 فیصد کمی دیکھی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ، آٹو فنانس میں سختی، عیدالاضحیٰ کی طویل تعطیلات اور 2 بڑے اسمبلرز کی جانب سے بکنگ کی معطلی کے سبب جولائی میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت 10 ہزار 377 یونٹس رہی جو کہ گزشتہ سال کے پہلے ماہ میں 20 ہزار 669 یونٹس تھی۔

عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کے مطابق کار، جیپ اور پِک اپ کی مشترکہ فروخت جولائی 2022 میں 11 ہزار 883 یونٹس کے ساتھ 23 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی جو کہ ماہانہ 58 فیصد اور سالانہ 52 فیصد کمی ظاہر کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کاروں کی فروخت میں 13 فیصد اضافہ

ہزار سی سی سے کم والی گاڑیوں کی فروخت میں سب سے زیادہ کمی سوزوکی بولان میں ریکارڈ کی گئی، جولائی 2021 میں اس کے 950 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں 353 یونٹس فروخت ہوئے، اس کے بعد آلٹو 660 سی سی کی فروخت 6 ہزار 110 یونٹس سے 24 فیصد کم ہو کر 4 ہزار 618 یونٹس ہوگئی۔

پاکستان آٹو موٹِو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہزار سی سی والی گاڑیوں میں سوزوکی ویگن آر کی فروخت 2 ہزار 131 یونٹس سے 87 فیصد کم ہو کر 282 یونٹس رہ گئی جبکہ کلٹس کی فروخت 4 ہزار 213 یونٹس سے کم ہو کر 661 یونٹس رہ گئی۔

زیادہ قیمت والی 1300 سی سی اور اس سے اوپر والی گاڑیوں کی فروخت میں ملی جلی کارکردگی نظر آئی، ٹویوٹا کرولا اور یارس کی 5 ہزار 20 یونٹس کی فروخت 65 فیصد کی بڑی کمی کےساتھ ایک ہزار 734 یونٹس پر آگئی جبکہ سوزوکی سوئفٹ کی 225 یونٹس کی فروخت 43 فیصد اضافے کے ساتھ 321 یونٹس تک پہنچ گئی، ہونڈا سوک اور سٹی کی فروخت ایک ہزار 700 یونٹس سے 43 فیصد بڑھ کر 2 ہزار 408 یونٹس ہوگئی۔

مزید پڑھیں: مالی سال 2021 میں نئی گاڑیوں کی ریکارڈ درآمد

ٹرکوں کی فروخت مجموعی طور پر جولائی 2022 میں 330 یونٹس رہی جوکہ جولائی 2021 میں 551 یونٹس تھی، ہینو اور ماسٹر کی فروخت بالترتیب 75 اور 231 یونٹس سے کم ہو کر 58 اور 35 یونٹس رہ گئی، اسوزو کی فروخت 227 یونٹس پر برقرار رہی۔

جیپ اور پک اپ کی کل فروخت ایک ہزار 506 یونٹس تک محدود رہی، ٹویوٹا فارچیونر اور دیگر بھاری گاڑیوں کی فروخت ایک ہزار 695 یونٹس کے مقابلے میں 641 یونٹس رہی جبکہ ہنڈائی ٹکسن کی فروخت 175 یونٹس سے کم ہو کر 104 تک پہنچ گئی۔

ہونڈا بی آر-وی اور سوزوکی راوی کی فروخت بالترتیب 79 فیصد اور 71 فیصد کی کمی کے ساتھ 607 اور ایک ہزار 552 یونٹس کے مقابلے میں 129 یونٹس اور 444 یونٹس رہی، ہنڈائے پورٹر کی فروخت جولائی 2021 میں 132 یونٹس سے کم ہو کر 97 یونٹس رہ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں 81 ہزار 565 گاڑیاں فروخت

جولائی 2021 میں بسوں کی مجموعی فروخت 50 یونٹس رہی تھی جس کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں 49 یونٹس رہی۔

پاما کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں مجموعی طور پر 2 اور 3 پہیوں والی سواریوں کی فروخت 96 ہزار 162 یونٹس ریکارڈ کی گئی جو کہ جولائی 2021 میں ایک لاکھ 45 ہزار 197 یونٹس تھی۔

ہونڈا، سوزوکی، اور یاماہا کی فروخت رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں بالترتیب 80 ہزار 67 یونٹس، 3 ہزار 512 یونٹس، اور ایک ہزار 216 یونٹس رہی جو کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے ماہ میں ایک لاکھ یونٹس، 2 ہزار 715 یونٹس، اور ایک ہزار 607 یونٹس تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024