• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

شیخ تمیم کی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر کل قطر روانہ ہوں گے

شائع August 22, 2022
وزیر اعظم پہلی بار قطر کے دور روزہ دورے پر روانہ ہوں گے —فائل فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم پہلی بار قطر کے دور روزہ دورے پر روانہ ہوں گے —فائل فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر 23 تا 24 اگست کو قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے جہاں توانائی سے متعلق تعاون آگے بڑھانے، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات میں مزید توسیع پر تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیر اعظم دفتر سے جاری بیان کے مطابق اس سال اپریل میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کے قطر کے پہلے دورے میں کابینہ کے اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کے دورۂ ترکی سے متعلق اخبارات میں اشتہارات پر تنقید

بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم اپنے دورے میں قطر کی قیادت سے دونوں ممالک کے تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے اور دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

دورے میں توانائی سے متعلق تعاون آگے بڑھانے، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات مزید وسیع کرنے اور قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ دونوں ممالک کے سربراہان باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم 3 روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دوحہ میں قطری اور پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ اسٹیڈیم 974 کا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے قطر کی حکومت کی جانب سے کی گئی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم آفس نے بتایا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور خوش گوار برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ مذہبی، باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دوطرفہ دلچسپی کے تمام شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم تین روزہ پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ قطر میں 2 لاکھ سے زائد پاکستانی بھی مقیم ہیں جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، قیادت کی سطح پر باقاعدہ دورے پاکستان اور قطر کی شراکت داری کی پہچان ہیں۔

وزیراعظم کے دورہ قطر سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور ان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024