ٹوئٹر پر ’آڈیو اسٹیشن‘ فیچر کی آزمائش، پوڈکاسٹ بھی سنے جا سکیں گے
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ سے متعدد نئے فیچرز کی آزمائش شروع کی جا چکی ہے اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ ویب سائٹ نے ’آڈیو اسٹیشن‘ فیچر پر آزمائش بھی شروع کردی۔
ٹوئٹر نے اپنی ٹوئٹ اور بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ دنیا بھر میں ’ٹوئٹر اسپیس‘ کے ٹیب کو بہتر بنانے کے فیچر پر آزمائش شروع کردی گئی، جس کے تحت اب اسپیس کےٹیب میں پوڈکاسٹ بھی سنے جا سکیں گے۔
ٹوئٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ اسپیس ٹیب میں جاکر لوگ اب خبریں بھی سن سکیں گے جب کہ وہ اسپیسز کو ریکارڈ بھی کر سکیں گے۔
بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ فیچر کے تحت صارفین جیسے ہی اسپیس کے ٹیب میں جائیں گے تو انہیں تین آپشن نظر آنے لگیں گے، جس میں سے ایک پوڈکاسٹ جب کہ دوسرا ’اسٹیشن‘ کا ٹیب ہوگا۔
’اسٹیشن‘ کے ٹیب میں صارفین اپنی پسند کے مطابق مختلف خبریں، پروگرامات اور رپورٹس کو سن سکیں گے۔
صارفین کرنٹ افیئرز، اسپورٹس اور شوبز سمیت سیاست پر بھی آڈیو خبریں اور فیچرز سن سکیں گے، جو مختلف معروف نشریاتی اداروں کے ہوں گے۔
اسی طرح صارفین پوڈ کاسٹ کے ٹیب میں جاکر دنیا بھر کے سب سے زیادہ دیکھے اور سنے جانے والے پوڈکاسٹ کو سن سکیں گے۔
ابتدائی طور پر اس فیچر کے تحت صارفین انگریزی زبان کے پوڈکاسٹ اور آڈیو نیوز سنی جا سکیں گی، تاہم مستقبل میں وہاں دیگر زبانوں کے پوڈ کاسٹ بھی سنے جا سکیں گے۔
اسی طرح ٹوئٹر اسپیس کے فیچر کو بھی اپڈیٹ کر رہا ہے، جس کے بعد صارفین اسپیسز کو ریکارڈ بھی کر سکیں گے۔