• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

اگست میں برآمدات میں 11.6 فیصد اضافہ ریکارڈ

شائع September 2, 2022
وزیر خزانہ نے بتایا کہ اگست کے دوران ترسیلات زر 2 فیصد اضافے سے 2 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں— فائل فوٹو: رائٹرز
وزیر خزانہ نے بتایا کہ اگست کے دوران ترسیلات زر 2 فیصد اضافے سے 2 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں— فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان کے کسٹمز کے عارضی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی تجارتی سامان کی برآمدات میں جولائی کی منفی نمو کے برعکس اگست میں سالانہ بنیادوں پر 11.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے مہینے یعنی جولائی میں برآمدات میں 5.17 فیصد کمی واقع ہوئی، تاہم اگست میں برآمدات ڈھائی ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال اسی ماہ میں 2 ارب 24 کروڑ ڈالر تھیں۔

ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 11 فیصد اضافہ ہوا، پچھلی بار اگست 2020 میں برآمدات میں منفی 14.75 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

جولائی تا اگست میں برآمدات کی کل آمدنی 4 ارب 75 کروڑ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 4 ارب 58 کروڑ ڈالر تھی، اس سے 3.71 فیصد کی نمو ظاہر ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 22 ماہ بعد ملکی برآمدات میں 24 فیصد کی نمایاں کمی

پہلی بار پاکستان نے نہ صرف برآمدی ہدف حاصل کیا بلکہ مالی سال 2022 میں 30 ارب ڈالر کی نفسیاتی حد کو بھی عبور کرلیا۔

حال ہی میں ختم ہونے والے مالی سال میں پاکستان کی برآمدات 26.6 فیصد بڑھ کر 31 ارب 845 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جو کہ ایک سال قبل 25 ارب 160 کروڑ ڈالر تھیں۔

ٹیکسٹائل سیکٹر کی جانب سے پہلے ہی روپے کی قدر میں بڑے پیمانے پر کمی کی وجہ سے توانائی اور خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی شکایت کی جا چکی ہے، مزید برآں برآمد کنندگان نے ریفنڈز کے حوالے سے بھی شکایت کی ہے جو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے پاس پھنسے ہوئے ہیں۔

اس کے برعکس اگست میں درآمدی بل 13.5 فیصد کم ہو کر 5 ارب 70 کروڑ ڈالر رہ گیا جو گزشتہ سال اسی ماہ میں 6 ارب 59 کروڑ ڈالر تھا، جولائی میں درآمدات گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 5 ارب 57 کروڑ ڈالر سے 12.81 فیصد کم ہوکر 4 ارب 86 کروڑ ڈالر رہ گئیں، ماہانہ بنیادوں پر درآمدی بل میں 17.28 فیصد اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں: خدمات کی برآمدات میں جولائی تا مارچ 17 فیصد اضافہ

پہلے 2 ماہ میں درآمدی بل گزشتہ سال کے 12 ارب 16 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں رواں سال 10 ارب 69 کروڑ ڈالر رہا جو کہ 12 فیصد کی کمی ظاہر کرتا ہے۔

درآمدی بل مالی سال 22-2021 کے دوران 43.45 فیصد بڑھ کر 80 ارب 51 کروڑ ڈالر ہو گیا جو ایک سال پہلے 56 ارب 12 کروڑ ڈالر تھا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ اگست میں توانائی کی درآمدات میں 5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ توانائی کے علاوہ دیگر درآمدات میں 21 فیصد کمی آئی۔

انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں مزید بتایا کہ اگست کے دوران ترسیلات زر 2 فیصد اضافے سے 2 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: مشرقی وسطیٰ کیلئے پاکستان کی برآمدات میں 16 فیصد اضافہ

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’برآمدات سے حاصل ہونے والی قیمت اور ترسیلات زر کی قیمت اب بھی درآمدات سے کم ہے لیکن ہم جلد وہاں تک پہنچ جائیں گے‘۔

حکومت نے گزشتہ ماہ تقریباً 800 لگژری اور غیر ضروری اشیا کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی ہے، اب یہ دیکھا جائے گا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کُل درآمدی قدر کو کم کرنے میں مدد دے گی یا نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024