• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

سیلاب کی تباہ کاریوں پر بولی وڈ شخصیات کی خاموشی حیران کن ہے، مہوش حیات

شائع September 5, 2022
کئی افراد نے اداکارہ کی بات سے اتفاق کیا—فوٹو: انسٹاگرام
کئی افراد نے اداکارہ کی بات سے اتفاق کیا—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ مہوش حیات نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر بولی وڈ شخصیات کی جانب سے اظہار افسوس نہ کیے جانے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصیبت کا کوئی مذہب یا قومیت نہیں ہوتی۔

مہوش حیات حالیہ سیلاب کاریوں کی تباہی پر متحرک دکھائی دیتی ہیں اور وہ عالمی اداروں کے ساتھ متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے میں مصروف ہیں۔

کچھ دن قبل ہی مہوش حیات نے عالمی برادری اور اداروں کو بھی پاکستانی سیلاب متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے آگے آنے کی اپیل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: مہوش حیات کی عالمی برادری سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل

اب انہوں نے بولی وڈ شخصیات کی جانب سے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر ان کی خاموشی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

مہوش حیات بے برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ ایشین نیٹ ورک کے صحافی ہارون رشید کی ٹوئٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے بولی وڈ شخصیات کی خاموشی پر اظہار حیرانگی کیا۔

ہارون رشید نے چند دن قبل اپنی ایک ٹوئٹ میں اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب پر بولی وڈ کی بڑی بڑی شخصیات خاموش ہیں۔

انہوں نے لکھا تھا کہ انسانیت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، بولی وڈ شخصیات نے پاکستان میں سیلاب سے آنے والی تباہی پر ایک لفظ بھی نہیں بولا جو کہ افسوس کن ہے۔

ان کی ٹوئٹ پر دیگر افراد اور شخصیات نے بھی کمنٹ کرتے ہوئے بولی وڈ شخصیات کی خاموشی پر اظہار افسوس کیا جب کہ مہوش حیات نے بھی ان کی ٹوئٹ پر کمنٹ کیا۔

مہوش حیات نے اپنے کمنٹ میں لکھا کہ سیلاب کی تباہیوں پر بولی وڈ شخصیات کی خاموشی حیران کرنے والی ہے، کیوں کہ مصیبت کا کوئی مذہب، نسل یا رنگت نہیں ہوتی، وہ کسی پر کسی وقت بھی آ سکتی ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ بولی وڈ شخصیات کے لیے یہ بہت اچھا موقع تھا کہ وہ سیلاب کی تباہیوں پر کچھ لکھ کر اپنے پاکستانی مداحوں کے دل جیت لیتے۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ بولی وڈ شخصیات کے پاس سیلاب متاثرین کے لیے کچھ الفاظ لکھ کر یہ ثابت کرنے کا بہترین موقع تھا کہ وہ قومپرستی سے بڑھ کر پاکستانی مداحوں کو اہمیت دیتے ہیں۔

مہوش حیات نے شکوہ کیا کہ ان سمیت تمام پاکستانیوں کو تکلیف ہو رہی ہے کہ بولی وڈ شخصیات نے اتنی بڑی تباہی پر کچھ نہیں لکھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024