چین: صوبے سیچوان میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 66 ہوگئی
چین کے صوبے سیچوان میں گزشتہ روز آنے والے 6.8 شدت کے زلزلے کے بعد چین کے فائر فائٹرز نے 11 ہزار سے زیادہ لوگوں کو نکالنے کے لیے خطرناک علاقے میں کام کیا، جس سے اب تک کم از کم 66 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق چین کے سرکاری میڈیا کی زلزلے کے مرکز لوڈنگ میں فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائر فائٹر ایک زخمی شخص کو درختوں سے بنائے گئے عارضی پُل کے اوپر سے اسٹریچر پر لارہے ہیں۔
ایک اور ویڈیو میں فائر فائٹرز کو ایک خاتون کو اسٹریچر پر لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے، جسے لکڑی کی 4 منزلہ خطرناک جھولتی ہوئی عمارت سے نکالا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: چین: صوبے سیچوان میں 6.8 شدت کا زلزلہ، 30 سے زائد افراد ہلاک
ریسکیو اہلکاروں نے پھنسے ہوئے لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کی، ہنگامی امداد بھیجی گئی اور یوٹیلٹیز کو بحال کرنے کی کوشش کی، سرکاری میڈیا نے بتایا کہ علاقے سے 11 ہزار لوگوں کو نکالا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکام نے تقریباً 500 ارضیاتی خطرات کی نشاندہی کی تھی، لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑوں پر تباہ حال سڑکوں کا حوالہ دیا گیا۔
2017 کے بعد سے سیچوان میں آنے والا یہ شدید ترین زلزلہ تھا، اس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 66 ہوگئی جبکہ سیکڑوں لوگ شدید زخمی ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ زلزلے سے تباہی کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
سرکاری ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ ‘ہی لوگو’ میں اب بھی 200 سے زائد افراد پھنسے ہوئے ہیں، جو کہ گلیشئر کی وجہ سے مقبول سیاحتی مقام ہے، ریسکیو اہلکار سڑک کو کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ان تک پہنچا جاسکے۔
چینی سرکاری ٹی وی کے مطابق لوڈنگ میں بجلی اور پانی کا انفرااسٹرکچر اور ٹیلی کمیونیکیشن بُری طرح تباہ ہوا ہے۔
مزید رپورٹ کیا گیا کہ 243 گھر بھی تباہ ہوئے اور 13 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا، 4 ہوٹلز اور سیکڑوں سیاح بھی متاثر ہوئے۔
مزید پڑھیں: تاریخ کے بدترین زلزلے
زلزلے کی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی جبکہ متعدد ہائی ویز تباہ اور 7 چھوٹے سے درمیانے سائز کے ہائیڈرو پاور اسٹیشن کو بھی نقصان ہوا۔
رپورٹ کے مطاق اگلے تین دنوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چین کے صوبے سیچوان میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔
چین کے زلزلہ نیٹ ورکس سینٹر نے بتایا تھا کہ زلزلے کا مرکز لوڈنگ قصبے کا پہاڑ تھا جو چینگڈو سے تقریباً 226 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سیچوان صوبے اور خاص طور پر اس کے پہاڑوں میں عام طور پر زلزلے آتے ہیں۔
چین نیوز سروس نے بتایا تھا کہ لوڈنگ میں آنے والا زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ متعدد لوگوں کو کھڑے رہنے میں مشکلات پیش آئیں جبکہ کئی مکانات میں دراڑیں نظر آئیں۔