• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاپوا نیو گنی میں شدید زلزلہ، 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی

شائع September 11, 2022
پاپوا نیو گنی بحرالکاہل کے 'رنگ آف فائر' قرار دیے گئے خطے میں واقع ہے جہاں اکثر زلزلے آتے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
پاپوا نیو گنی بحرالکاہل کے 'رنگ آف فائر' قرار دیے گئے خطے میں واقع ہے جہاں اکثر زلزلے آتے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاپوا نیو گنی کو 7.6 شدت کے زلزلے نے ہلاکر رکھ دیا جس کے باعث عمارتوں کو نقصان پہنچا، لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور کم از کم 5 شہری ہلاک جب کہ متعدد شدید زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے مرکز کے قریب واقع شمالی قصبوں کے رہائشیوں نے صبح کے وقت زلزلے کے شدید جھٹکوں کی اطلاع دی جس سے سڑکوں میں دراڑیں پڑ گئیں اور عمارتوں کی چھتیں اُڑ گئیں۔

مقامی رکن پارلیمنٹ کیسی ساوانگ نے بتایا کہ دور دراز پہاڑی دیہات میں کم از کم 2 افراد کی موت ہوگئی ہے جب کہ کم از کم 4 دیگر افراد کو تشویشناک حالت میں پرواز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا میں 6.2 شدت کا زلزلہ، 35 افراد ہلاک

انہوں نے بتایا کہ وہاں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکانات دب گئے ہیں اور ایک گاؤں میں لوگ اپنے گھروں سے محروم ہوگئے ہیں۔

زلزلے سے متاثر ہونے والے علاقے میں ذرائع مواصلات بہت محدود، حکومت کے کم وسائل اور چند ہی پکی سڑکیں ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں نقصان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

چھوٹی ایوی ایشن کمپنیاں اور مشنری گروپ کچھ زخمیوں کو علاقے سے ایئر لفٹ کرکے ریسکیو کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

ایک شخص کو ریسکیو کرکے واپس جانے کی کوشش کرنے والے منولوس ایوی ایشن کے کارکن نے کہا کہ اس خطے میں، اس موسم کے دوران امدادی کارروائیاں بہت مشکل ہیں، یہ چیلنجنگ ہے۔

مزید پڑھیں: انڈونیشیا میں زلزلہ، 20 افراد ہلاک

گوروکا کے مشرقی پہاڑی قصبے میں رہائشیوں نے مقامی یونیورسٹی کی شکستہ دیواروں سے گرنے والی کھڑکیوں کے شیشوں کی تصاویر کھینچیں۔

جیس ابین ریزورٹ کے کارکن نے زلزلے کی شدت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ شدت بہت زیادہ تھی، ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے ہر چیز سمندر میں تیر رہی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے اس کے مرکز سے تقریباً 480 کلومیٹر دور دارالحکومت پورٹ مورسبی تک محسوس کیے گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کے فوری بعد قریبی ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کی تھی لیکن بعد میں وارننگ واپس لیتے ہوئے کہا کہ خطرہ گزر چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا میں زلزلے سے تباہی

تاہم اس کے باوجود سمندر کے قریب آباد خوفزدہ مقامی لوگ یہ رپورٹ کرتے ہوئے کہ ساحل پر پانی کی سطح اچانک کافی کم ہوگئی ہے بلند مقامات کی جانب بھاگے۔

'طاقتور زلزلہ'

قومی رہنما جیمز ماراپ نے کہا کہ زلزلہ بہت شدید تھا، انہوں نے لوگوں کو محتاط رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ نقصان 2018 کے زلزلے سے کم ہوگا جب کم از کم 126 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

جیمز ماراپے نے کہا کہ قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ رہنماؤں سے کہا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد لوگوں کو پہنچنے والے نقصانات اور زخمیوں کا پتا لگا کر ان پر توجہ دیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ کی گہرائی 61 کلومیٹر تھی جو کیننٹو شہر سے تقریباً 67 کلومیٹر دور تھا۔

مزید پڑھیں: انڈونیشیا: جزیرہ لومبوک میں زلزلے سے 91 افراد ہلاک

پاپوا نیو گنی بحرالکاہل کے 'رنگ آف فائر' قرار دیے گئے خطے میں واقع ہے جس کی وجہ سے اس خطے میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔

اس سے قبل اتوار کے روز ہی امریکی جیولوجیکل سروے نے بھی پڑوسی ملک انڈونیشیا میں سماترا کے مغربی ساحل سے دور مینتاوائی جزائر میں 2 زوردار زلزلوں کی اطلاع دی، تاہم جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 2004 میں انڈونیشیا کے ساحل پر 9.1 کی شدت کا زلزلہ سونامی کا باعث بنا تھا جس کے باعث پورے خطے میں 2 لاکھ 20 ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں سے انڈونیشیا میں تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار افراد بھی شامل تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024