• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

'ہر 4 سیکنڈ میں ایک شخص بھوک سے مر رہا ہے'

شائع September 21, 2022 اپ ڈیٹ September 22, 2022
عالمی رہنماؤں کے نام کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے 45 ممالک میں 5 کروڑ لوگ فاقہ کشی کے دہانے پر ہیں— فائل فوٹو: رائٹرز
عالمی رہنماؤں کے نام کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے 45 ممالک میں 5 کروڑ لوگ فاقہ کشی کے دہانے پر ہیں— فائل فوٹو: رائٹرز

200 سے زائد این جی اوز نے بھوک کے بڑھتے ہوئے عالمی بحران کو ختم کرنے کے لیے فیصلہ کن عالمی اقدامات پر زور دیتے ہوئے اس خوفناک تخمینے کا اظہار کیا ہے کہ ہر 4 سیکنڈ میں ایک شخص بھوک کے باعث زندگی کی بازی ہار رہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لیے نیویارک میں موجود عالمی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے ایک کھلے خط میں آکسفیم، سیو دی چلڈرن اور پلان انٹرنیشنل سمیت 75 ممالک سے تعلق رکھنے والی 238 تنظیموں نے دنیا میں بھوک کی آسمان کو چھوتی سطح پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

این جی اوز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 34 کروڑ 50 لاکھ لوگ اب شدید بھوک کا سامنا کر رہے ہیں، یہ تعداد 2019 کے بعد سے دگنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خوراک کی قلت کے شکار 116 ممالک میں پاکستان کا 92واں نمبر

کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ 21ویں صدی میں دوبارہ کبھی قحط نہ آنے دینے کے عالمی رہنماؤں کے عزائم کے باوجود، صومالیہ میں ایک بار پھر قحط کے خدشات منڈلا رہے ہیں، دنیا بھر کے 45 ممالک میں 5 کروڑ لوگ فاقہ کشی کے دہانے پر ہیں۔

اس بات خوفناک تخمینے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ تقریباً 19ہزار 700 افراد روزانہ بھوک سے مر رہے ہیں این جی اوز نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ ہر 4 سیکنڈ میں ایک شخص بھوک کے باعث موت کے منہ میں جارہا ہے۔

خط کے دستخط کنندگان میں شامل یمن فیملی کیئر ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے موحنا احمد علی الجبالی نے بیان میں کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے کہ زراعت اور خوراک کی پیداور سے متعلق متعارف کرائی گئی تمام ٹیکنالوجیز کے باجود آج ہم 21ویں صدی میں بھی قحط کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں 2 کروڑ افراد شدید غذائی قلت کا شکار ہوسکتے ہیں، اقوام متحدہ

انہوں نے کہا کہ یہ ایک ملک یا ایک براعظم کی صورتحال نہیں ہے اور اس بھوک کی صرف کوئی ایک وجہ نہیں ہے، یہ صورتحال پوری انسانیت کے ساتھ ناانصافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فوری طور پر زندگی بچانے والی خوراک اور طویل مدتی امداد فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے ایک لمحہ انتظار نہیں کرنا چاہیے تاکہ لوگ اپنے مستقبل کی ذمہ داری سنبھال سکیں اور اپنے اور اپنے خاندانوں کو خوراک مہیا کر سکیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024