’مولا جٹ‘ میں تلوار بازی کیلئے جرمن ماہرین سے تربیت لی، حمیمہ ملک
جلد ریلیز ہونے والی میگا بجٹ اور میگا کاسٹ پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں ولن کی محبوبا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ حمیمہ ملک نے کہا ہے کہ انہوں نے فلم میں تلوار بازی اور گھڑسواری کرنے کی تربیت جرمن ماہرین سے لی تھی۔
’دی لجنڈ آف مولا جٹ‘ میں حمیمہ ملک ’دارو‘ نامی خوبرو دیہاتی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو کہ فلم کے ولن ’نورن نتھ‘ کی محبوبہ ہوتی ہیں۔
فلم میں ’نوری نتھ‘ کا کردار حمزہ علی عباسی نے ادا کیا ہے جب کہ ہیرو یعنی مولا جٹ کا کردار فواد خان نے ادا کیا ہے اور ماہرہ خان ان کی محبوبا کے روپ میں دکھائی دیں گی۔
فلم میں اپنے کردار اور اس کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے حمیمہ ملک نے ’فوچیا میگزین‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پوری کاسٹ کے لیے زارا شاہجہاں سمیت دوسرے ڈیزائنرز سے لباس تیار کرائے گئے تھے جب کہ میک اپ آرٹسٹس کو بھی بیرون ممالک کے ماہرین سے ٹریننگ کروائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ فلم میں گھڑ سواری، تلوار بازی اور نیزہ بازی سمیت دیگر خطرناک مناظر شوٹ کروانے کے لیے اداکاروں کو پہلے تربیت دی گئی تھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی تربیت کے لیے یورپی ملک جرمنی سے ماہرین کو بلایا گیا تھا، جنہوں نے ایک ماہ تک انہیں تربیت دی۔
انہوں نے فلم مٰیں اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ وہ جہاں خوبرو دیہاتی لڑکی کے طور پر دکھائی دیں گی، وہیں ان کے رومانوی بولڈ مناظر بھی شائقین کو دیکھنے کو ملیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ فلم میں گوہر رشید ان کے بھائی بنے ہیں اور فلم میں وہ اپنے قبیلے کی زندہ رہ جانے والی واحد خاتون ہوتی ہیں، جس وجہ سے ان کی اہمیت بھی ہوتی ہے۔
حمیمہ ملک کا کہنا تھا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں ولن ’نوری نتھ‘ کی ایک ہی کمزوری ہوتی ہیں اور ان کی کمزوری کا کردار انہوں نے ہی ادا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی طرح فلم میں ان کی ایک ہی طاقت ہوتی ہیں اور وہ ہیں نوری نتھ جب کہ وہ فلم میں بھائی کی لاڈلی کے طور پر بھی دکھائی دیں گی۔
انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ وہ فلم میں نوری نتھ کی محبوبا ہوتے ہوئے ہیرو مولا جٹ کے پیچھے کیوں پڑ جاتی ہیں؟
خیال رہے کہ حمیمہ ملک اس فلم کے ذریعے 5 سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کر رہی ہیں، اس سے قبل وہ 2017 میں شان کی فلم ’ارتھ‘ میں نظر آئی تھیں۔