• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

انگلینڈ کا دورہ پاکستان کیلئے 15 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

شائع October 12, 2022
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

انگلینڈ نے دورہ پاکستان کے لیے بین اسٹوکس کی قیادت میں 15 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں الیکس لیز کی جگہ بلےباز لیام لیونگسٹون کو شامل کرلیا گیا ہے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ پانے والے لیام لیونگسٹون نے بین الاقوامی سطح پر ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی اور مختصرز طرز کرکٹ پر توجہ دیتےہوئے گزشتہ ایک برس سے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی نہیں کھیلی اور انگلینڈ کی محدود اوورز کی ٹیم کا حصہ رہےہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 29 سالہ بلے باز کو منتخب کرکے ایک بڑا رسک لیا ہے کیونکہ انہیں لینکا شائر نے پورے سیزن میں ٹیم سے باہر رکھا تھا اور گزشتہ دو سیزن میں صرف 8 میچ کھیلے اور 2021 اور 2020 میں بالترتیب 11 اور 18.5 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔

ڈومیسٹک سیزن میں ناکامی کے باوجود لیام لیونگسٹون بڑی جلدی بین الاقوامی سطح پر مختصر طرز کرکٹ میں اسٹار بن گئے ہیں۔

لیونگسٹون نے گزشتہ برس پاکستان کے خلاف 42 گیندوں پر سنچری بنائی تھی جو انگلینڈ کی جانب سے کسی بھی بلے باز کی تیز ترین سنچری ہے اور ان کے کھیلنے کا انداز کپتان بین اسٹوکس اور ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم سے ملتا جلتا ہے۔

دوسری جانب سے اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہنے والے الیکس لیز کو رواں ہفتے سینٹرل کنٹرکٹ سے بھی باہر کردیا گیا تھا، جنہوں نے 10 ٹیسٹ میچوں میں 23.8 کی اوسط سے رنز بنائے تھے۔

پاکستان کے دورے کے لیے انگلینڈ نے کیٹون جیننگز کو بھی شامل کیا گیا ہے جو برصغیر کی وکٹوں پر مہارت رکھتے ہیں اور ان کی دونوں ٹیسٹ سنچریاں انہی وکٹوں پر ہیں۔

انگلینڈ کے اسکواڈ میں بین ڈاکیٹ نے بھی جگہ بنائی ہے جبکہ آل راؤنڈر ول جیکس کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔

فاسٹ باؤلر اسٹورٹ براڈ بھی دورہ پاکستان میں شامل نہیں ہوں گے کیونکہ نومبر کے آخر میں ان کے گھر میں ننھے کی آمد متوقع ہے اور ان کی جگہ جیمی اووٹن کو منتخب کرلیا گیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم پاکستان میں 2005 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گی۔

انگلینڈ منیجنگ ڈائریکٹر کرکٹ روب کی نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دورہ ہوگا اور ایک اچھی ٹیم کے خلاف بہترین سیریز ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز نے پاکستان کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔

روب کی نے کہا کہ تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا مجموعہ ہے جو تین میچوں کی پوری سیریز کے دوران مختلف وکٹ بہتر طور پر سمجھ پائیں گے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تینوں میچ یکم دسمبر سے 21 دسمبر کے دوران راولپنڈی، ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

انگلینڈ کا 15 رکنی اسکواڈ

بین اسٹوکس(کپتان)، جیمز اینڈرس، ہیری بروکس، زیک کراؤلی، بین ڈاکیٹ، بین فاؤکس، ول جیکس، کیٹون جیننگز، جیک لیچ، لیام لیونگسٹون، جیمی اوورٹن، اولی پوپ، اولی رابنسن، جو روٹ، مارک ووڈ

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024