• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

شائع October 14, 2022
پاکستانی ٹیم کی ٹرافی کے ہمراہ گروپ تصویر — فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی ٹیم کی ٹرافی کے ہمراہ گروپ تصویر — فوٹو: اے ایف پی
حارث رؤف نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 22 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں — فوٹو: بشکریہ پی سی بی
حارث رؤف نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 22 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں — فوٹو: بشکریہ پی سی بی

سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے محمد نواز اور حیدر علی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کو پہلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور فن ایلن تین چوکے لگانے کے لیے پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ کا شکار بن گئے۔

دوسری وکٹ کے لیے کین ولیمسن اور ڈیون کونوے نے مل کر اسکور کو 47 تک پہنچایا جس کے بعد 17 گیندوں پر 14 رنز بنانے والے کونوے حارث رؤف کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

تیسری وکٹ کے لیے ولیمسن اور گلین فلپس نے 50 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن اس شراکت کے خطرناک ہونے سے قبل ہی نواز نے فلپس کی 22 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کین ولیمسن نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور بابر کے ہاتھوں ڈراپ کیچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی، وہ 38 گیندوں پر 59 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ایک مرحلے پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ میزبان ٹیم باآسانی 180 رنز یا اس سے زائد کا مجموعہ تشکیل دینے میں کامیاب رہے گی، لیکن اختتامی اوورز میں فاسٹ باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے سبب کیویز تیز رفتاری سے کھیل پیش نہ کر سکے۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور بابر اعظم نے روایتی انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن بابر 29 کے مجموعی اسکور پر بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں مائیکل بریسویل کو وکٹ دے بیٹھے۔

رضوان اور شان مسعود دونوں ہی اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور بائیں ہاتھ کے بلے باز 21 گیندوں پر 19 رنز بنانے کے بعد بریسویل کی دوسری وکٹ بن گئے۔

پاکستان کو تیسرا اور سب سے اہم نقصان اس وقت ہوا جب رضوان 34 رنز بنانے کے بعد اش سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

اس مرحلے پر حیدر علی کا ساتھ دینے محمد نواز آئے اور دونوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 26 گیندوں پر 56 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

حیدر علی 15 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں سے مزین 31 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ آصف علی بھی صرف ایک رن بنا کر واپس لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ سے نواز نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نئے بلے باز افتخار احمد کے ہمراہ ایک اور بہترین شراکت قائم کی۔

میچ کے آخری اوور میں افتخار احمد نے بلیئر ٹکنر کو چھکا رسید کر کے پاکستان کو پانچ وکٹوں کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ساتھ پاکستان نے سہ ملکی سیریز کی ٹرافی بھی اپنے نام کرلی۔

محمد نواز نے 22 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ افتخار نے 14 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔

نواز کو عمدہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ ایک وکٹ لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اسپنر مائیکل بریسویل کے نام رہا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024