پی سی بی نے 5 سالہ 'معاہدے' کے تحت نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا نام تبدیل کردیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 5 سالہ مفاہمتی یاد داشت (ایم او یو) کے تحت نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا نام تبدیل کرکے نیشنل بینک کرکٹ ارینا کردیا۔
پی سی بی کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق نیشنل بینک کے ساتھ 5 سالہ مفاہمتی یاد داشت پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا نام تبدیل کرکے نیشنل بینک کرکٹ ارینا کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ
اعلامیے میں کہا گیا کہ ناموں کے حقوق کے معاہدے کے علاوہ پی سی بی اور نیشنل بینک ملک بھر میں بنیادی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور ترقی دینے کے اقدامات کو اسپانسر کرنے کے لیے تعاون اور شراکت داری کرے گا اور پاکستان کے دیہی علاقوں میں مقامی ٹیلنٹ تلاش کرنے کے پی سی بی کے اقدامات کی حمایت کرنا بھی اس معاہدے میں شامل ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ دونوں اداروں کی شراکت داری اعزاز ہے جہاں یہ تاثر ملتا ہے کہ معزز ادارے پاکستان کرکٹ برانڈ کے ساتھ جڑنے کے خواہش مند ہیں کیونکہ انہیں اس میں بڑا فائدہ نظر آرہا ہے۔
رمیز راجا نے پی سی بی پاتھ ویز پروگرام کی حمایت کرنے پر این بی پی کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: 23 سال بعد نیشنل اسٹیڈیم جانا کیسا لگا؟
انہوں نے کہا کہ ’میں نے ہمیشہ ٹیلنٹ کے لیے ایسے اقدامات کرنے پر زور دیا جو پیشہ ورانہ طور پر قومی فریم ورک میں شامل کیے جا سکیں‘۔
رمیز راجہ نے کہا کہ اس ضمن میں این بی پی کے ساتھ کی گئی شراکت داری اس سفر کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
مزید پڑھیں: نیشنل اسٹیڈیم کراچی پی ایس ایل فائنل کی میزبانی کو تیار
دریں اثنا، نیشنل بینک کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی نے کہا کہ بینک خود کو تاریخی کرکٹ گراؤنڈ سے منسلک ہونے کو اعزاز سمجھتا ہے۔
پی سی بی کے بیان کے مطابق این بی پی صدر نے کہا کہ اگلے 5 برسوں کے دوران ہماری کوشش ہوگی کہ پی سی بی کو اس گراؤنڈ کو مزید تقویت دینے میں مدد فراہم کی جائے اور ساتھ ہی ملک بھر میں گراس روٹ لیول پر پاکستان کرکٹ میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔