• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ٹی20 ورلڈ کپ: ایک ہی دن میں دو میچ بارش کی نذر

شائع October 28, 2022
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں بارش سے میچز متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور ایک ہی دن میں دو میچ بارش کی نذر ہو گئے۔

جمعہ کو آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ بھی نہ ہو سکا۔

میلبرن میں سپر 12 راؤنڈ کے گروپ 1 کے میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم کا مقابلہ افغانستان اور آسٹریلیا کا روایتی حریف انگلینڈ سے ہونا تھا۔

میلبرن میں صبح سے ہی بارش کا راج رہا اور مسلسل بارش اور گیلے میدان کے سبب کئی مرتبہ امپائرز کے معائنے کے باوجود بھی میدان کھیل کے قابل نہ ہو سکا۔

بارش کی وجہ سے میچ کا ٹاس بھی نہ ہو سکا۔

بالآخر امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور یوں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے والی افغانستان کی ٹیم کا لگاتار دوسرا میچ بارش کی نذر ہوا ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان میچ بھی بارش کی وجہ سے کھیلا نہیں جاسکا تھا۔

پہلے میچ کے بعد میلبرن میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا دوسرا میچ بھی بارش کی وجہ سے نہیں کھیلا جاسکا اور اس میچ میں بھی ٹاس تک نہ ہو سکا۔

گروپ ون میں نیوزی لینڈ پہلے جبکہ انگلینڈ تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

انگلینڈ کی نسبت رن ریٹ میں کمی کے سبب گروپ 1 میں آئرلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں تین میچوں میں 3 پوائنٹس کے باوجود بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

ٹورنامنٹ میں آئرلینڈ کی ٹیم اپنا اگلا میچ پیر کو دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا جبکہ اسی دن افغانستان کی ٹیم سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔

انگلینڈ کی ٹیم اپنا اگلا میچ یکم نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024