• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

رضوان ٹی20 رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم ، سوریا کمار یادیو سرفہرست

شائع November 2, 2022
— فوٹو: یادیو ٹوئٹر/  کرک انفو
— فوٹو: یادیو ٹوئٹر/ کرک انفو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کی تازہ درجہ بندی جاری کردی ہے، جس کے مطابق بھارت کے سوریا کمار یادیو نے عالمی نمبر ایک پر موجود پاکستانی بلے باز محمد رضوان کی پوزیشن چھینتے ہوئے عالمی نمبر ایک بلے باز بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق محمد رضوان ٹی 20 ورلڈکپ میں ناقص فارم کے سبب تنزی کا شکار ہو کر842 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کی ویب سائٹ پر جاری رپورٹ کے مطابق 32 سالہ سوریا کمار یادیو نے ورلڈکپ کے آغاز میں نیدرلینڈز اور جنوبی افریقہ کے خلاف مسلسل دو نصف سنچریاں بنا کر 863 پوائنٹس لے کر نمبر ایک پوزیشن حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: رضوان ٹی20 کے نئے عالمی نمبر ایک بلے باز، بابر اعظم کی تنزلی

سوریا کمار یادیو رواں برس ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں ایک شان دار سنچری اور 8 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، بھارت کی جانب سے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے یادیو نے ورلڈ کپ کے تین میچوں میں 134 رنز بنائے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹوئٹ میں یادیو کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 میں نمبر ایک بلے باز کو ہیلو کہیں۔

اسی طرح نیوزی لینڈ کے بلے باز گلین فلپس 2 درجے چھلانگ لگا کر 703 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

تازہ رینکنگ کے مطابق بھارت کے سوریا کمار یادیو 863 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر، محمد رضوان 842 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کے کونووے 792 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، بابر اعظم 780 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور جنوبی افریقہ کے ایڈن مرکرم 767 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

باؤلنگ میں افغانستان کے راشد خان 700 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، سری لنکا کے ہسارنگا 697 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی 694 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ 692 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور افغانستان کے مجیب الرحمٰن 687 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

ٹی 20 انٹرنیشنل کی عالمی درجہ بندی کے مطابق آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 255 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے، افغانستان کے محمد نبی 244 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت کے ہاردک پانڈیا 182 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ کے معین علی 175 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور نمیبیا کے جے جے اسمتھ 174 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر برا جمان ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ: جنوبی افریقہ کا پاکستان کے کمزور اعتماد کا بھرپور فائدہ اٹھانے کا عزم

یاد رہے کہ 7 ستمبر کو قومی ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے کئی سال سے عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائز کپتان بابر اعظم کو ٹی 20 کے نمبر ایک بلے باز کی پوزیشن سے محروم کرکے پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے تھے۔

ٹی20 کرکٹ میں بابر اور مصباح کے بعد رضوان عالمی نمبر ایک بننے والے تیسرے پاکستانی بلے باز تھے، تاہم بابر اعظم کو یہ منفرد اعزاز حاصل تھا کہ وہ ایک ہزار 155 دن تک اس منصب پر فائز رہے تھے

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024