• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ٹوئٹر پر آئندہ ہفتے سے ماہانہ 8 ڈالر فیس عائد کیے جانے کا امکان

شائع November 3, 2022
سبسکرپشن کے لیے صارفین کو کچھ وقت دیا جائے گا، رپورٹ—فوٹو: رائٹرز
سبسکرپشن کے لیے صارفین کو کچھ وقت دیا جائے گا، رپورٹ—فوٹو: رائٹرز

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے پلیٹ فارم کا کنٹرول سنبھالتے ہی اعلان کیا تھا کہ ویب سائٹ پر موجود ویریفائڈ اکاؤںٹس کو ماہانہ 20 ڈالر تک فیس دینی پڑے گی، تاہم بعد ازاں انہوں نے تنقید کے بعد فیس کو کم کرکے 8 ڈالر کردیا تھا۔

اب خبر سامنے آئی ہے کہ ٹوئٹر آئندہ ہفتے تمام ویریفائڈ اکاؤنٹس ہولڈرز کو سبسکرپشن فارم بھیجے گا اور ان سے سروس استعمال کرنے اور بلیو ٹک کے عوض ماہانہ 8 ڈالر فیس ادا کرنے کا کہے گا۔

امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کے مطابق یہ پہلے ہی خبریں تھیں کہ ٹوئٹر کے ویریفائڈ اکاؤنٹس پر 7 نومبر سے فیس عائد کی جائے گی اور اب ٹوئٹر کے متعدد ذرائع نے بتایا ہے کہ ویریفائڈ اکاؤنٹس ہولڈرز کو 8 نومبر تک سبسکرپشن ای میل بھیج دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوئٹر کی فروخت کا معاہدہ طے پا گیا، ایلون مسک مالک بن گئے

رپورٹ کے مطابق صارفین کو فیس ادا کرنے یا نہ کرنے سے متعلق خود مختاری فراہم کی جائے گی اور انہیں سوچنے کے لیے چند ماہ دیے جائیں گے، تاہم ساتھ ہی انہیں بتادیا جائے گا کہ کب سے وہ فیس دینے کے پابند ہوں گے۔

اسی طرح صارفین کو بتایا جائے گا کہ انہیں 8 ڈالر ماہانہ ادا کرنے کے بعد مزید کیا کیا فوائد حاصل ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر حکومتوں اور حکومتی سربراہوں اور اداروں کے اکاؤنٹس کو فیس کے بغیر ہی چلایا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے فوری طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ممکنہ طور پر ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ جو ویریفائڈ اکاؤنٹس ماہانہ 8 ڈالر کی فیس ادا کرنے سے انکار کریں گے تو ان کا بلیوٹک نہیں ہٹایا جائے گا، تاہم ان کی ٹوئٹس اور اکاؤنٹ کو محدود کردیا جائے گا۔

تاہم اس حوالے سے مصدقہ طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن ایلون مسک واضح کر چکے ہیں کہ جو ویریفائڈ اکاؤنٹ ہولڈرز فیس ادا نہیں کریں گے، ان سے بلیو ٹک واپس لے لیا جائے گا۔

ایلون مسک کی جانب سے ویریفائڈ اکاؤنٹس سے ماہانہ فیس وصول کیے جانے پر دنیا بھر کے لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم وہ اپنی ضد پر قائم ہیں کہ جنہیں جو کہنا ہے، کہتے رہیں لیکن ویریفائڈ اکاؤنٹس ہولڈرز کو ماہانہ 8 ڈالر دینے پڑیں گے۔

تین نومبر کو انہوں نے اس حوالے سے میمز کے ساتھ ٹوئٹس بھی کیں کہ بعض لوگ ایک کافی پر 8 ڈالر خرچ کردیتے ہیں مگر وہی لوگ بلیوٹک جیسی مراعت کو 30 تک حاصل کرنے پر 8 ڈالر دینے پر رو رہے ہیں۔

ایک اور میمز میں انہوں نے واضح کیا کہ ماہانہ 8 ڈالر ادا کرنے والے ویریفائڈ اکاؤنٹس متعدد سہولیات اور فیچرز کو استعمال کر سکیں گے جب کہ فیس ادا نہ کرنے والے پیسے نہ بھرنے کا حساب بھی دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024