• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ٹی20 ورلڈ کپ کی بہترین ٹیم کا اعلان، دو پاکستانی کھلاڑی شامل

شائع November 14, 2022
انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا — فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا — فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ کی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کردیا جس کی قیادت عالمی چیمپیئن انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر کو دی گئی ہے جبکہ ٹیم میں دو پاکستانی کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

انگلینڈ نے گزشتہ روز ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو فائنل میں شکست، انگلینڈ دوسری مرتبہ ٹی20 کا چیمپیئن بن گیا

اس ٹیم میں انگلینڈ کے چار، پاکستان اور بھارت کے دو جبکہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نیوزی لینڈ کا ایک، ایک کھلاڑی شامل ہے۔

ٹیم کی قیادت جوز بٹلر کے سپرد کی گئی ہے جبکہ ان کے ساتھ ٹیم میں انگلینڈ کے ہی اوپنر ایلکس ہیلز کو رکھا گیا ہے۔

تیسرے اور چوتھے نمبر پر بھارت کے مایہ ناز بلے باز اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ویرات کوہلی اور ان کے ساتھی سوریا کمار یادیو موجود ہیں۔

کوہلی نے چار نصف سنچریوں کی مدد سے ایونٹ میں 296 رنز بنائے جبکہ سوریا نے 239 رنز کیے۔

نیوزی لینڈ کے گلین فلپس بھی اس ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف مشکل وقت میں شاندار سنچری اسکور کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: فائنل میں انجری کے بعد شاہین آفریدی کا کیریئر خطرات سے دوچار

سکندر رضا کے لیے یہ ٹورنامنٹ یادگار رہا جہاں انہوں نے گیند اور بلے دونوں سے بہترین کھیل پیش کیا، انہوں نے ایونٹ میں 219 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 10 وکٹیں بھی حاصل کیں اور اسی عمدہ کارکردگی کی بنا پر انہیں ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

شاداب خان نے پاکستان کو فائنل میں پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا اور بلے سے 98 رنز جوڑنے کے ساتھ ساتھ اپنی باؤلنگ سے 11 کھلاڑیوں کو شکار کیا، ان کی اسی کارکردگی کی بدولت انہیں بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

سیم کرن اس ٹورنامنٹ میں آئے تو اس سال انگلینڈ کے سرفہرست باؤلرز میں سے ایک تھے اور عالمی کپ میں بھی انہوں نے اسی فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں شاندار باؤلنگ سمیت مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کیں، فائنل کے مین آف دی میچ اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اس عمدہ کارکردگی پر بجا طور پر فائنل الیون میں جگہ بنانے کے مستحق تھے۔

جنوبی افریقہ کی ورلڈ کپ مہم یادگار نہ بن سکی لیکن فاسٹ باؤلر اینرچ نورتیا کے لیے یہ ایک شاندار ایونٹ رہا اور بہترین رفتار سے باؤلنگ کرنے والے فاسٹ باؤلر کو پانچ میچوں میں 13 وکٹیں لینے پر بہترین ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

تصاویر دیکھیں: ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست

مارک وُڈ اس وقت دنیا کے تیز ترین باؤلر تصور کیے جاتے ہیں جو مسلسل 150 کلومیٹر فئی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرتے ہیں، وہ انجری کے سبب اس ایونٹ کے سیمی فائنل اور فائنل میں حصہ تو نہ لے سکے لیکن اس کے باوجود محض 4 میچوں میں 9 وکٹیں لینے والے باؤلر کو ایونٹ کی بہترین ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

اگر اس وقت ٹی20 کرکٹ میں دنیا میں نئی گیند سے سب سے بہترین باؤلر کی بات کی جائے تو بلاشبہ شاہین شاہ آفریدی ہی اولین انتخاب ہوں گے، ٹی20 کپ میں آمد سے قبل شاہین کی فٹنس پر سوالیہ نشان لگا ہوا تھا لیکن انہوں نے اہم لمحات میں قیمتی وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی فائنل میں رسائی کی راہ ہموار کی اور اسی وجہ سے انہیں اس فائنل کا حصہ بنایا گیا۔

بھارت کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اس ٹیم میں شامل 12ویں کھلاڑی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024