• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

لانگ مارچ سے پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ متاثر نہیں ہوگا، عمران خان کی یقین دہانی

شائع November 23, 2022
عمران خان نے یقین دہانی کرائی کہ لانگ مارچ سے راولپنڈی ٹیسٹ متاثر نہیں ہوگا — فائل فوٹو: ٹوئٹر
عمران خان نے یقین دہانی کرائی کہ لانگ مارچ سے راولپنڈی ٹیسٹ متاثر نہیں ہوگا — فائل فوٹو: ٹوئٹر

سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور برطانوی حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے لانگ مارچ سے انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان راولپنڈی میں شیڈول پہلا ٹیسٹ میچ متاثر نہیں ہوگا۔

کرک انفو کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان پہنچنے والی ہے اور سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی میزبانی یکم دسمبر سے راولپنڈی نے کرنی ہے۔

تاہم ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے حوالے سے تحفظات ظاہر کیے گئے تھے کیونکہ 26 نومبر کو عمران خان کے لانگ مارچ کے راولپنڈی پہنچنے کا اعلان کیا گیا ہے اور اسی وجہ سے ٹیسٹ میچ کے اسلام آباد کے جڑواں شہر میں انعقاد کے حوالے سے غیریقینی کے بادل منڈلانے لگے تھے کیونکہ اسی دن شام میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچے گی۔

منگل کو چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے پاکستان برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کے ہمراہ عمران خان سے ان کی لاہور میں واقع رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی۔

رپورٹس کے مطابق دوران ملاقات عمران خان نے رمیز راجا کے ساتھ ساتھ کرسچن ٹرنر کو بھی یقین دہانی کرائی کہ لانگ مارچ سے راولپنڈی ٹیسٹ میچ متاثر نہیں ہوگا۔

ملاقات کے حوالے سے رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ملتان روانہ ہوگی جہاں 9 سے 13 دسمبر تک دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کراچی 17 سے 21 دسمبر تک کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024