• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ریڈ سی فلم فیسٹیول سعودیہ: ماہرہ خان اور ریتیک روشن کی تصاویر وائرل

شائع December 9, 2022
دونوں کی ملاقات کی تصاویر وائرل ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کی ملاقات کی تصاویر وائرل ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام

اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں ہونے والے دوسرے سالانہ ’ریڈ سی فلم فیسٹیول‘ میں ماہرہ خان سمیت متعدد پاکستانی شوبز شخصیات نے شرکت کی جب کہ فیسٹیول میں بھارت سمیت متعدد ممالک کے فنکاروں نے بھی شرکت کی۔

فیسٹیول کے دوران ماہرہ خان اور ریتیک روشن ایک ہی ہال میں ایک ہی بینچ پر ساتھ بیٹھے دکھائی دیے اور اس دوران دونوں ایک دوسرے سے مصافحہ بھی کرتے دکھائی دیے۔

دونوں نے اگرچہ خصوصی فوٹوشوٹ نہیں کروایا، تاہم ایک ہی پروگرام میں ایک ساتھ بیٹھنے کی دونوں کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے ان پر طرح طرح کے تبصرے کیے۔

دونوں شخصیات کے ایک ساتھ بیٹھنے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے پر دونوں ممالک کی شوبز ویب سائٹس نے ان کی خبر کو نمایاں خبر کے طور پر شائع بھی کیا۔

ان کی تصاویر اور ویڈیوز پر لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ اب ماہرہ خان اگلی کسی بولی وڈ شخصیت سے ملاقات تک ہر انٹرویو میں یہ بات کرتی دکھائی دیں گی کہ وہ ریڈ سی فلم فیسٹیول میں ریتیک روشن کے ساتھ بیٹھی تھیں۔

ریڈ سی فلم فیسٹیول میں ریتیک روشن کے علاوہ دیگر بولی وڈ شخصیات نے بھی شرکت کی، جن میں اکشے کمار، رنبیر کپور، شاہ رخ خان اور جاوید جعفری سمیت دیگر شخصیات شامل ہیں۔

فلم فیسٹیول کی ایک تقریب کے دوران رنبیر کپور نے ایک پاکستانی فلم ساز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ فنکاروں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، فنکاروں کو سیاست سے بالاتر ہوکر کام کرنا چاہیے اور انہیں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

ساتھ ہی رنبیر کپور نے پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی تعریفیں کرتے ہوئے پاکستانیوں کو شاندار فلم بنانے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

ریڈ سی فلم فیسٹیول کی ایک اور تقریب میں ایک پاکستانی کے سوال کے جواب میں اکشے کمار نے کہا کہ ان کی پاکستان مخالف فلموں کو حقیقی نہ سمجھا جائے، ان کی فلموں کو صرف فلمیں ہی سمجھا جائے، ان کی کہانی کو حقیقت سے نہ جوڑا جائے۔

ریڈ سی فلم فیسٹیول کا آغاز یکم دسمبر کو ہوا تھا اور یہ فیسٹیول 10 دسمبر تک چلے گا، اس سال فیسٹیول کا انعقاد دوسری بار ہوا ہے، پہلی بار 2021 میں ریڈ سی فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا تھا۔

اس بار فیسٹیول میں بھارت، برطانیہ، امریکا، تھائی لینڈ، مصر، متحدہ عرب امارات اور جرمنی سمیت متعدد ممالک کی 150 سے زائد فلمیں بھی پیش کی جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024