خیرپور: وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کیلئے گھر تعمیر کرنے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف کا وزیراعظم اکاؤنٹ سے 5 ارب روپے کی مالیت سے سیلاب متاثرین کے لیے گھر تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔
خیرپور میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم اکاؤنٹ میں 4 ارب 80 کروڑ روپے آئے ہیں اور مزید بھی آئیں گے، اس لیے سیلاب متاثرین کے لیے 5 ارب روپے سے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام ہو چکا ہے مگر آج بھی خیرپور اور دادو کے علاقوں میں پانی کھڑا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں بحالی اور تعمیر نو کی طرف بڑھنا ہے مگر آج بھی 80 لاکھ خاندان سیلابی پانی سے متاثر ہیں، اسی طرح 2 کروڑ لوگ امداد اور 90 لاکھ بچے ادویات کے منتظر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے سیلاب زدہ علاقوں میں صاف پانی کے فلٹرز نصب کیے اور دیگر ممالک نے جہازوں اور ٹرینوں کے ذریعے امدادی سامان بھیجا جس پر ان کے مشکور ہیں لیکن ہمارے مسائل بے شمار ہیں۔
انہوں نے سیلاب متاثرین کو یقین دہانی کرائی کی مخلوط حکومت اس طرح انہیں تکالیف میں نہیں چھوڑے گی کیونکہ یہ تمہارا اور میرا نہیں بلکہ ’ہمارا‘ معاملہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگلے ماہ جنیوا میں ڈونرز کانفرنس ہو رہی ہے جس کے لیے صوبوں سے مشاورت کی ہے اور پوری تیاری کے ساتھ وہاں جائیں گے جہاں میں سیلاب متاثرین کا کیس پیش کروں گا اور دنیا کو بتاؤں گا کہ پاکستان اس مصیبت میں آیا ہے لیکن اس کا قصور کچھ نہیں تھا کیونکہ ہم کاربن کے اخراج میں اتنا حصہ نہیں ڈالتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک سے اربوں روپے کے تحائف ملے جس میں سعودی عرب کی طرف سے دیا گیا گھڑی کا تحفہ بھی شامل تھا جس میں خانہ کعبہ کا ماڈل بنا ہوا تھا مگر ایک شخص نے اس کی بھی پروا نہ کی اور تحائف بیچ دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاش اگر وہ تحائف بیچ کر سیلاب متاثرین کو پیسے دیے ہوتے تو میں شاباش دیتا کہ آپ نے تحائف بیچ کر غریب اور یتیم عوام کے حوالے کیے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں سیاسی گفتگو کیے بغیر کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے خون کا آخری قطرہ عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے گرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جہاں بھی گھر تعمیر ہوں گے وہاں زمین وزیر اعلیٰ سندھ فراہم کریں گے اور گھر ہم تعمیر کریں گے اور اسی طرح بلوچستان اور دیگر صوبوں میں بھی گھر بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ محترمہ نفیسہ شاہ نے مجھے کہا کہ آپ نے پورے پاکستان میں کومسیٹس جامعات تعمیر کی ہیں مگر خیرپور میں کوئی یونیورسٹی نہیں دی، لہٰذا میں خیرپور میں کومسیٹس یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں جس کے لیے زمین وزیر اعلیٰ سندھ فراہم کریں گے۔