کراچی ٹیسٹ: پہلی اننگز میں پاکستان 438 رنز بنا کر آؤٹ، کیوی اوپنرز کا شاندار آغاز
نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 438 رنز کے جواب میں شان دار نصف سنچریاں مکمل کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 165 رنز بنا لیے۔
کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو بابر اعظم اور آغا سلمان وکٹ پر موجود تھے۔
نیوزی لینڈ کو دن کی ابتدا میں ہی اس وقت کامیابی ملی جب کپتان بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ٹم ساؤدھی کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 161 رنز بنائے۔
اس کے بعد آغا سلمان کا ساتھ دینے نعمان علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا۔
آغا سلمان نے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا اور نعمان نے 75 گیندوں پر 7 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ نبھایا، اس 54 رنز کی شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب نیل ویگنر نے نعمان کو چلتا کردیا۔
محمد وسیم محض پانچ گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور دو رنز بنانے کے بعد اش سودھی کی وکٹ بن گئے۔
دوسرے اینڈ پر موجود آغا سلمان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اور نصف سنچری مکمل کی جس کی بدولت پاکستان نے میچ کے دوسرے دن کھانے کے وقفے تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 377 رنز بنا لیے تھے۔
کھانے کے وقفے کے بعد صرف ایک رن بنا کر میر حمزہ بھی اش سودھی کا شکار بن گئے، پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آغا سلمان تھے جو 103 رنز کا شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
اس طرح پاکستان ٹیم پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 438 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی نے 3، اعجاز پٹیل، مائیکل بریسویل اور اش سودھی نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
میزبان ٹیم کو 438 پر آؤٹ کرنے کے بعد کیوی اوپنرز نے شان دار آغاز فراہم کرتے ہوئے دوسرے اپنی نصف سنچریاں مکمل کرلی۔
ڈیون کونوے اور ٹام لیتھام نے دوسرے روز آؤٹ ہوئے بغیر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرلی۔
کراچی ٹیسٹ کا جب دوسرے روز کھیل کا اختتام ہوا تو نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 165 رنز بنائے تھے اور پاکستان کے پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 273 رنز درکار ہیں۔
ڈیوون کونوے 156 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 82 اور ٹام لیتھام 126 گیندوں پر 8 چوکوں کی بدولت 78 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔
پاکستا کی جانب سے اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے میر حمزہ بھی ٹیم کو کوئی کامیابی دلانے میں ناکام رہے اور انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو سیریز میں شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے ابرار احمد بھی وکٹ نہ لے سکے۔