• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: دوسرے ٹیسٹ کیلئے تماشائیوں کی انٹری مفت کرنے کا اعلان

شائع December 28, 2022
نجم سیٹھی نے بتایا ٹکٹ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے — فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
نجم سیٹھی نے بتایا ٹکٹ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے — فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری 2 میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے میچ کے لیے تماشائیوں کی انٹری مفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوران شائقین کی اسٹیڈیم میں حاضری بہت کم رہی ہے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے اسٹینڈز کو بھرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت محسوس کی اور اس سلسلے میں اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اسٹیڈیم میں شائقین کی کم موجودگی پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں اقدامات کرنے اور میچ دیکھنے والوں کو سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا جاتا رہا ہے۔

اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے دوران کراچی والوں کے لیے 2 وی آئی پی انکلوژرز کے علاوہ تمام اسٹینڈز میں مفت داخلے کا اعلان کیا ہے۔

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ ٹکٹ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے، میزبان ٹیم اور کیویز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 2 سے 6 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جاوید میانداد اور حنیف محمد انکلوژرز کو وی آئی پی کا درجہ حاصل ہے اور ان کے ٹکٹ کی یومیہ قیمت 500 روپے ہے۔

اس کے علاوہ پی سی بی نے طلبہ کو اسٹیڈیم لانے کے لیے یونیورسٹیوں، اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں سے بھی رابطہ کرنا شروع کر دیا ہے، کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں اولڈ ایج ہومز اور یتیم خانوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کراچی میں جاری ہے جہاں مہمان ٹیم نے اوپنرز اور سابق کپتان کین ولیمسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کے خلاف اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے، میچ کے دوسرے روز پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

مہمان ٹیم اپنے طے شدہ دورے کے پہلے مرحلے کے طور پر کراچی پہنچی ہے جب کہ وہ دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان میں 10 میچز کھیلے گی۔

اس دوران دونوں ٹیمیں 5 ون ڈے اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی۔

اس مرحلے میں شامل ابتدائی 4 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے، پانچواں ٹی 20 اور ابتدائی 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 23، 26 اور 28 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

دورے میں شامل آخری تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، 4 اور7 مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے آغاز سے چند گھنٹے قبل دورہ پاکستان سیکیورٹی وجوہات کے سبب منسوخ کردیا تھا اور بغیر کوئی میچ کھیلے نیوزی لینڈ کی ٹیم وطن واپس لوٹ گئی تھی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 سال کے طویل عرصے کے بعد ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کے دورے پر آئی تھی، اس دورے کے دوران کیویز نے 3 ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلنی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024