• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاک فوج کا بلا تفریق ’دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے‘ کا عزم

شائع December 28, 2022
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈر اجلاس ہوا—فوٹو: ڈان نیوز
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈر اجلاس ہوا—فوٹو: ڈان نیوز

پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی خواہشات کے مطابق کسی تفریق کے بغیر اس ناسور کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز میں 254 واں کور کمانڈرز اجلاس منعقد ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ 27 اور 28 دسمبر کو منعقدہ اجلاس میں ’فوج کے پیشہ ورانہ اور تنظیمی امور کا مکمل جائزہ لیا گیا‘۔

آئی ایس پی آر نے کورکمانڈرز اجلاس کے بارے میں بتایا کہ ’دہشت گردی کے خلاف بلاتفریق لڑنے اور پاکستان کے عوام کی خواہشات کے مطابق اس ناسور کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا‘۔

فوج کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے سیزفائر کے خاتمے کے اعلان کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں خود دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور ٹیکسی ڈرائیور جاں بحق ہوگیا تھا اور اس واقعے کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کی تھی۔

خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس سے قبل 6 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کا دورہ کیا تھا اور کہا تھا کہ قبائلی عوام اور سیکیورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جب تک ہم پائیدار امن اور استحکام حاصل نہیں کر لیتے، دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ قوم کی حمایت سے جاری رہے گی۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا تھا کہ مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت یقینی بنایا جائے گا، امن خراب کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا تھا کہ کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک حاصل کی گئی کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس سے قبل 3 دسمبر کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بھارتی عہدیدار کی جانب سے گلگت بلتستان اور آزاد جموں اور کشمیر پر قبضے کے حوالے سے دیے گئے متنازع بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاک فوج دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ’ہمہ وقت‘ تیار ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ فوج نے بھارتی قیادت کی جانب سے حال ہی میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں اور کشمیر کے حوالے سے دیے گئے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیان کا نوٹس لیا ہے۔

آرمی چیف نے کہا تھا کہ ’میں یہ واضح کردوں کہ اگر ہمارے اوپر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان کی مسلح افواج نہ صرف اپنے مادر وطن کے ہر چپے کے دفاع کے لیے بلکہ دشمن کو بھرپور جواب دینے کے لیے بھی تیار ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024