• KHI: Maghrib 6:30pm Isha 7:46pm
  • LHR: Maghrib 6:02pm Isha 7:23pm
  • ISB: Maghrib 6:07pm Isha 7:30pm
  • KHI: Maghrib 6:30pm Isha 7:46pm
  • LHR: Maghrib 6:02pm Isha 7:23pm
  • ISB: Maghrib 6:07pm Isha 7:30pm

میکسیکو: جیل پر مسلح افراد کا حملہ، 14 افراد ہلاک، 24 قیدی فرار

شائع January 2, 2023
پراسیکیوٹرز نے کہا کہ وہ تفتیش کر رہے ہیں کہ حملے کے پیچھے کیا مقاصد تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پراسیکیوٹرز نے کہا کہ وہ تفتیش کر رہے ہیں کہ حملے کے پیچھے کیا مقاصد تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی

میکسیکو کے شمالی شہر واریز کی جیل پر مسلح افرادکے حملے میں 14 افراد مارے گئے جبکہ 24 قیدی فرار ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پراسیکیوٹر آفس نے کہا کہ میکسیکو کے سرحدی شہر واریز کی جیل پر مسلح افراد نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 10 جیل گارڈز اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد ہلاک ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق بکتر بند گاڑیوں پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے تقریباً 5 گھنٹے بعد صورت حال پر قابو پالیا جہاں جیل کے اندر قیدیوں کے درمیان لڑائی بھی ہوئی۔

سرکاری بیان میں کہا گیا کہ حملے سے قبل مسلح افراد نے میونسپل پولیس پر بھی فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کا پیچھا کیا اور اس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے اورکارروائی کے دوران پولیس نے ان کی ایک گاڑی بھی قبضے میں لے لی۔

بعدازاں بکتر بند گاڑی میں سوار حملہ آوروں نے جیل کے باہر مزید سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی جہاں سالِ نو کے موقع پر قیدیوں سے ملنے کے لیے آئے ہوئے رشتہ داروں اور اہل خانہ نے شور مچایا۔

مقامی میڈیا کے مطابق چند مشتعل قیدیوں نے مختلف اشیا جلا دیں اور سیکیورٹی اہلکاروں سے جھگڑا بھی کیا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق حملے کے دوران 13 قیدی زخمی ہوئے جبکہ 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم یہ تعین نہیں ہوا کہ وہ حملہ آور ہیں یا قیدی۔

پراسیکیوٹرز نے کہا کہ وہ تفتیش کر رہے ہیں کہ حملے کے پیچھے کیا مقاصد تھے۔

خیال رہے کہ اسی جیل میں لڑائی اور فسادات کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں، جن میں مارچ 2009 کا خونی واقعہ بھی شامل ہے، جہاں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے، اسی طرح اگست 2022 میں دو حریف گینگز کے درمیان جھگڑے کے نیتجے میں 3 قیدی ہلاک ہوئے تھے۔

ہیومن رائٹس کمیشن کی فروری 2022 کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جیل میں 3 ہزار 700 سے زائد قیدی ہیں جبکہ اس کی گنجائش صرف 3 ہزار 135 قیدیوں کی ہے۔

فروری 2016 میں میکسیکو کے دورے پر پوپ فرانسس نے ریاستی جیل کے صحن میں 700 قیدیوں اور ان کے اہل خانہ سے اجتماعی طور پر خطاب کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق میکسیکو میں خاص طور پر سرکاری جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی اور پرتشدد واقعات عام ہیں جہاں حریف گینگز میں حالیہ برسوں کے دوران تنازعات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024