• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بھارتی شہر جوشی مٹھ میں مکانات دھنسنے لگے، علاقہ مکینوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی

شائع January 8, 2023
رہائشیوں کا کہنا تھا کہ بہت بڑی تعداد پہلے ہی اپنے گھروں کو چھوڑ کر جاچکی ہے— فوٹو: اے ایف پی
رہائشیوں کا کہنا تھا کہ بہت بڑی تعداد پہلے ہی اپنے گھروں کو چھوڑ کر جاچکی ہے— فوٹو: اے ایف پی

بھارتی ہمالیہ کے مقدس شہر جوشی مٹھ میں سے سیکڑوں مکانات میں دراڑیں پڑنے اور زمین میں دھنسنے کے سبب خوف زدہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق شمالی ریاست اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ میں دراڑیں پڑنے اور مکانات کے دھنسنے کی وجوہات واضح نہیں ہیں، تاہم رہائشیوں نے نزدیکی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے لیے سڑکوں اور ٹنلز کی تعمیر کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندا مودی نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا ہے، اس سے قبل حکومت کی جانب سے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ وجوہات کا پتا چلایا جاسکے۔

مقامی حکام ہمانشو کھرانہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ کم از کم 60 خاندانوں کو پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بہت سے افراد کو دھنسنے والے مکانات سے باہر منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

رہائشیوں کا کہنا تھا کہ بہت بڑی تعداد پہلے ہی اپنے گھروں کو چھوڑ کر جاچکی ہے، تقریباً 20 ہزار افراد کے قصبے میں 600 کے قریب گھر اور ہوٹل زمین میں دھنس رہے ہیں۔

ایک حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ قصبے کے کئی علاقوں کو غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ سخت پریشان ہیں، خوف ہے کہ قصبہ ڈوب رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بہت سے مقامی لوگ سخت سردی میں باہر سونے پر مجبور ہیں، اور ان کا کہنا ہے کہ وہ عمارتوں اور سڑکوں میں دراڑوں کے حوالے سے کئی ہفتوں اور کچھ مہینوں سے حکام کو خبردار کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک خاتون وینیتا دیوی نے بتایا کہ اکتوبر میں ان کے گھر کی دیواروں میں دراڑیں نظر آنے لگیں، جو اب اس قدر چوڑی ہو چکی ہیں کہ ان کا گھر بھی پڑوس کے 25 دیگر گھروں کی طرح منہدم ہونے کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے بچوں کا کیا ہوگا؟ وہ کس طرح پڑھائی کریں گے؟

ایک اور رہائشی سنائنا نے بتایا کہ ہم نے یہ گھر زندگی بھر کی جمع پونجی کے بعد بنایا تھا لیکن یہ اب چلا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سطح سمندر سے تقریباً ایک ہزار 800 میٹر بلندی پر واقع جوشی مٹھ ہمالیہ کے متعدد اہم مذہبی مقامات کا ایک اہم مرکز ہے، یہاں ہر سال ہزاروں زائرین آتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس قصبے میں بھارتی فوج کا ایک بڑا اڈہ اور چین کے ساتھ متنازع سرحد تک ایک اسٹرٹیجک سڑک بھی ہے جس میں بھی مبینہ طور پر وسیع دراڑیں پڑ چکی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ خطہ زلزلوں کا شکار ہے، حالیہ برسوں میں یہاں کئی آفات آئی ہیں، ماہرین کے مطابق اس کی وجہ گلیشیئرز کے پگھلنے اور بے ڈھنگی تعمیرات ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024