• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:31pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:31pm

وکلا کی ہڑتال کے باعث زیر حراست ملزمان کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے، سپریم کورٹ

شائع January 10, 2023
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے فیصلے میں ریمارکس  دیے کہ آئین کہتا ہے اختیارات کا استعمال مقدس امانت ہے—فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے فیصلے میں ریمارکس دیے کہ آئین کہتا ہے اختیارات کا استعمال مقدس امانت ہے—فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ زیر حراست ملزم کو اس کے وکیل کی ہڑتال کی وجہ سے تکلیف نہ دی جائے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایک فیصلے میں ریمارکس دیے کہ پاکستان بار کونسل (پی بی سی) نے وکالت کے پیشہ ورانہ طرز عمل اور آداب کے اصول نافذ کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ’ جب کوئی معاملہ عدالت میں سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تو یہ وکلا کا فرض ہے کہ وہ عدالت میں پیش ہوں اور اگر کسی بھی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے تو اس سلسلے میں ’تسلی بخش متبادل انتظامات کریں۔

سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ ایک وکیل کو اپنے مؤکل کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری کو پورا کرنا چاہیے۔

جسٹس عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ ہر رشتہ اعتماد کی بنیاد پر استوار ہوتا ہے اور جب اعتماد ٹوٹتا ہے تو رشتہ بھی ٹوٹ جاتا ہے جس کے سماج پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے 24 اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ کے حکم کے خلاف شہباز اکمل کی اپیل پر سماعت کی تھی۔

درخواست گزار کی نمائندگی کرنے والے ایڈووکیٹ شاکر علی نے مؤقف اپنایا تھا کہ ان کے موکل کو 17 مئی 2018 کو ملتان میں قتل کے مقدمے میں 9 اپریل 2018 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

وکیل شاکر علی نے استدلال کیا کہ درخواست گزار اس وقت سے زیر حراست ہے اور 2 سال ہوچکے لیکن اس کا ٹرائل مکمل نہیں ہوا، اس لیے وہ ضمانت کا مستحق ہے۔

وکیل نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے 23 جون 2020 کو ٹرائل کورٹس کو 3 ماہ میں مقدمے کی سماعت مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن درخواست گزار کی گرفتاری کو 4 سال گزر جانے اور عدالت عالیہ کے حکم کو جاری ہوئے 2 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ٹرائل مکمل نہیں ہو سکا۔

جب ٹرائل کورٹ سے رپورٹ طلب کی گئی کہ مقدمے کی سماعت مقررہ مدت میں کیوں نہیں مکمل کی گئی تو ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے اس تاخیر کی وجہ وکلا کی ہڑتال اور مقدمے کے کچھ شریک ملزمان کی عدم موجودگی کو قرار دیا۔

مقدس امانت

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے فیصلے میں ریمارکس دیے کہ آئین کہتا ہے اختیارات کا استعمال مقدس امانت ہے، اگر کسی زیر حراست ملزم کی نمائندگی کرنے والا وکیل عدالت میں حاضر نہیں ہوتا تو وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہتا ہے اور اپنے مؤکل کا اعتماد توڑتا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو حق حاصل ہے کہ اسے قانون کے تحفظ کا احساس رہے اور اس کا حق ہے کہ اس کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے لیکن اگر وکلا ہڑتال کرتے ہیں اور مقدمات کی سماعت ملتوی ہو جاتی ہے تو اس صورت میں اس آئینی حق کی نفی ہو جاتی ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا کہ آئین یہ بھی حکم دیتا ہے کہ ’کسی شخص کی آزادی کے لیے نقصان دہ کوئی ایسا اقدام نہیں کیا جائے گا جو قانون کے مطابق نہ ہو، اس لیے اگر کسی زیر حراست ملزم کے ٹرائل میں ہڑتالوں کی وجہ سے تاخیر ہوتی ہے اور بعد میں اس ملزم کو بری کر دیا جاتا ہے تو ملزم کو اضافی حراست میں رکھنا اس کی آزادی کے لیے نقصان دہ ہوگا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ 2007 میں وکلا تحریک کے دوران کچھ اعلیٰ عدالتوں کی سربراہی وہ لوگ کر رہے تھے جنہوں نے اپنے آئینی حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آمر کی وفاداری کا حلف اٹھایا یا وہ لوگ سربراہ تھے جن کا تقرر آئین کے مطابق نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے لوگوں کے مفادات اور ان کے تحفظ کے لیے آئین کی حفاظت اور اس کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے ہڑتالیں کی گئیں اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا۔

تاہم جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ اگر کوئی وکیل کسی معاملے یا ذاتی وجہ سے ہڑتال پر جاتا ہے تو اس کے لیے مناسب ہوگا کہ وہ پہلے اپنے مؤکل سے وصول کی گئی فیس واپس کرے۔

اپنے فیصلے میں عدالت عظمیٰ نے ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی کہ وہ اس حکم کی وصولی کی تاریخ سے 2 ماہ کے اندر درخواست گزار کا مقدمہ تیزی سے مکمل کرے۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024