• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان اور ایران کا دوطرفہ تجارتی اہداف کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق

شائع January 15, 2023
حاجی عبداللہ اچکزئی نے تاجر برادری کے لیے تفتان میں پاک ایران بارڈر پر علیحدہ گیٹ قائم کرنے کی تجویز دی—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
حاجی عبداللہ اچکزئی نے تاجر برادری کے لیے تفتان میں پاک ایران بارڈر پر علیحدہ گیٹ قائم کرنے کی تجویز دی—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

پاک ایران مشترکہ سرحدی تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اہداف کے حصول میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے، دوطرفہ قانونی تجارت بڑھانے اور بارٹر معاہدے پر عمل درآمد پر اتفاق کیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی کے 10ویں اجلاس میں ایرانی وفد کی قیادت ڈپٹی گورنر سیستان-بلوچستان داؤد شہرکی نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت کسٹمز چیف کلکٹرز عبدالقادر میمن نے کی۔

ایرانی قونصل جنرل کوئٹہ حسن درویش، صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی عبداللہ اچکزئی، سینئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور دیگر سرکردہ تاجر رہنماؤں اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

داؤد شہرکی نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ طے شدہ تجارتی اہداف کو حاصل کرنے اور تعاون کے ذریعے رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستان کے ساتھ مزید سرحدی منڈیاں کھولنے کے لیے تیار ہیں، کمیٹی کے 2010 کے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد کی ضرورت ہے‘۔

چیف کلکٹر کسٹمز عبدالقادر میمن نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ اہداف کا حصول اور تجارت کو فروغ دینا ضروری ہے‘، انہوں نے ترقی اور تجارت بڑھانے کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

حاجی عبداللہ اچکزئی نے کہا کہ کاروباری افراد اور صنعتکار پاکستان کے شہر کوئٹہ اور ایران کے شہر زاہدان کے درمیان براہ راست پروازوں کی سہولت کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان برابری کی بنیاد پر آزاد باہمی تجارت چاہتے ہیں۔

حاجی عبداللہ اچکزئی نے کہا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کاروبار اور تجارت کو بڑھانے کے لیے مزید ٹھوس کوششیں کی جانی چاہئیں۔

انہوں نے تاجر برادری کے لیے تفتان میں پاک ایران بارڈر پر علیحدہ گیٹ قائم کرنے کی تجویز دی تاکہ انہیں اپنے سامان کی نقل و حمل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024