• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھائی امریکی فوج میں تھے جو افغانستان میں مارے گئے، صرحا اصغر

شائع January 17, 2023 اپ ڈیٹ January 18, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ابھرتی ہوئی اداکارہ صرحا اصغر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بڑے بھائی امریکی فوج میں تھے جو ایک دہائی قبل افغانستان میں حملے کے دوران مارے گئے تھے۔

صرحا اصغر حال ہی میں نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے پہلی بار شوبز مصروفیات کے علاوہ اپنی ذاتی زندگی اور خاندان سے متعلق بھی بات کی۔

پروگرام کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ ان کے بڑے بھائی کی پیدائش ہی امریکا میں ہوئی تھی، جس وجہ سے وہ امریکی شہری تھے اور انہوں نے امریکی فوج میں 18 سال نوکری کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی کو طویل عرصے تک بہترین سروس کرنے پر امریکی فوج نے ایوارڈ بھی دیا تھا مگر 2012 میں وہ فوج کی جانب سے افغانستان گئے تھے۔

صرحا اصغر کے مطابق ان کے بھائی 2012 میں ایک حملے کے دوران مارے گئے اور بدقسمتی سے انہوں نے بھائی کی نماز جنازہ میں بھی شرکت نہیں کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس وقت وہ پاکستان میں تھیں، ان کے بھائی کی میت امریکا لے جائی گئی اور اس وقت ان کے امتحانات چل رہے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ اتنی کمزور ہیں کہ وہ کسی کے جنازے میں شرکت نہیں کر سکتیں اور یہ بھی ہے کہ جب ان کا کوئی اپنا انتقال کرجاتا ہے تو چند دن بعد انہیں دھچکا لگتا ہے اور وہ غم میں ڈوب جاتی ہیں۔

صرحا اصغر کے مطابق انہوں نے اس بات کا افسوس رہے گا کہ انہوں نے بھائی کے جنازے میں شرکت نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھائی کی تدفین کے کچھ ہفتوں بعد وہ امریکا گئی تھیں، جہاں جاتے ہی وہ سب سے پہلے ہیوسٹن میں بھائی کی قبر پر گئی تھیں۔

پوڈ کاسٹ میں انہوں نے شوبز انڈسٹری پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں کبھی شوبز میں کسی طرح کے نامناسب رویے یا ہراسانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

انہوں نے اپنے ڈراموں میں سب سے بہترین ڈراما ’صدقے تمہارے‘ کو قرار دیا اور کہا کہ مذکورہ ڈرامے میں وہ بلال عباس کی بہن بنی تھیں اور انہیں لوگ اسی کردار کی وجہ سے جانتے ہیں۔

صرحا اصغر نے مزید بتایا کہ اب شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کو کاسٹ کرنے کے طریقے تبدیل ہو چکے ہیں، اب ٹیلنٹ کے بجائے سوشل میڈیا پر شہرت کو دیکھ کر اداکاروں کو کاسٹ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کی ایک ویڈیو وائرل ہوجائے تو اس ویڈیو کی بنا پر کئی منصوبوں میں کاسٹ کیا جائے گا، اس کے برعکس باصلاحیت افراد کو کاسٹ نہیں کیا جاتا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024