• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

شبمن گل کی ڈبل سنچری، نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست

شائع January 18, 2023 اپ ڈیٹ January 19, 2023
شبمن گل نے نے 149 گیندوں پر 9 چھکوں اور 19 چوکوں سے مزین 208 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
شبمن گل نے نے 149 گیندوں پر 9 چھکوں اور 19 چوکوں سے مزین 208 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے شبمن گل کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 12 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

حیدرآباد میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی وکٹ کے لیے شبمن گل کے ہمراہ 60 رنز کی شراکت قائم کی، وہ 34 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں سنچریاں بنانے والے ویرات کوہلی اس مرتبہ بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 8 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ نوجوان ایشان کشن کی اننگز بھی پانچ رنز تک محدود رہی۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد شبمن کا ساتھ دینے سوریا کمار یادیو آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 65 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن اس مرحلے پر سوریا کی 31 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

دوسرے اینڈ پر موجود شبمن نے بہترین کھیل پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور 28 رنز بنانے والے پانڈیا کے ہمراہ مزید 74 رنز بھی جوڑے۔

28 رنز بنانے والے پانڈیا کے آؤٹ ہونے کے بعد شبمن نے اکیلے ہی نیوزی لینڈ کے باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری اسکور کی، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر بلے باز ہیں۔

نوجوان بلے باز نے 149 گیندوں پر 9 چھکوں اور 19 چوکوں سے مزین 208 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت بھارتی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری شپلی اور ڈیرل مچل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈکی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور ڈیون کونوے صرف 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ نکولس 18 اور ڈیرل مچل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فن ایلن نے 40 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان ٹام لیتھم 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم 131 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جلد ہی بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کی بساط لپیٹنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن مائیکل بریسویل اور مچل سینٹنر نے بھارتی ٹیم کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کے لیے 162 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔

بریسویل نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری اسکور کی جبکہ سینٹنر نے بھی ففٹی تک رسائی حاصل کر لی۔

اننگز کے 46ویں اوور میں محمد سراج نے بھارت کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے اس اہم شراکت کا خاتمہ کردیا اور سینٹنر 57 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔

سراج نے میچ میں عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اگلی ہی گیند پر شپلی کو چلتا کر کے میچ میں چوتھی وکٹ حاصل کی۔

تاہم دوسرے اینڈ سے بریسویل نے ہمت نہ ہاری اور تن تنہا ڈٹے رہے اور فرگیوسن کے ساتھ مل کر اسکور کو 328 تک پہنچا دیا جو 8 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی بنے۔

میچ کے آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 20 رنز درکار تھے اور بریسویل نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر میچ کو مزید سنسنی خیز بنا دیا جبکہ اگلی گیند وائیڈ قرار دی گئی۔

تاہم شردل ٹھاکر نے اپنی اگلی گیند یارکر کرائی جس پر بریسویل ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے اور یوں بھارت نے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 12 رنز سے کامیابی حاصل کر لی اور سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کر لی۔

بریسویل نے صرف 78 گیندوں پر 10 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 140 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے سراج نے چار جبکہ کلدیپ یادیو اور شردل ٹھاکر نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

شبمن گل کو ڈبل سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024