سانحہ پشاور پر شوبز شخصیات کا اظہار افسوس
شوبز شخصیات نے خیبر پختونخوا کے دار الحکومت پشاور میں پولیس لائنز کے قریب واقع مسجد میں ہونے والے دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ملک میں سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پشاور کے علاقے پولیس لائنز میں واقع مسجد میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 28 افراد شہید اور 150 شہری زخمی ہوگئے، جس میں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
دھماکے کے بعد ٹوئٹر پر جہاں سیاستدانوں اور سماجی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا، وہیں شوبز شخصیات نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
شوبز شخصیات نے مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے ملک بھر میں سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا۔
سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے سانحے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہیدوں اور زخمیوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے لکھا کہ بزدل دہشت گردوں نے خدا کی عبادت کرنے والے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا اور یہ کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔
اداکارہ صبا قمر نے دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹوٹے ہوئے دل کا ایموجی استعمال کیا اور لکھا کہ وہ سانحے میں شہید ہونے اور زخمیوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔
اداکار ارسلان نصیر نے بھی دھماکے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوٹے ہوئے دل کا ایموجی بھی شیئر کیا۔
سینیئر اداکار فیصل قریشی نے بھی سانحے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دھماکے کو ملک میں دہشت گردی کی اٹھتی ہوئی نئی لہر قرار دیا۔