• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

آئل کمپنیوں نے حکومت کو ممکنہ بحران سے خبردار کردیا

شائع February 4, 2023
ملک میں تیل کی مجموعی فروخت جنوری میں 14 لاکھ 40 ہزار ٹن رہی—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں تیل کی مجموعی فروخت جنوری میں 14 لاکھ 40 ہزار ٹن رہی—فائل فوٹو: رائٹرز

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور وزارت توانائی کو لکھے گئے ایک خط میں متنبہ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران تیل کی فروخت میں 8 فیصد ماہانہ بہتری کے باوجود حالیہ چند روز میں روپے کی قدر میں غیرمعمولی گراوٹ کی وجہ سے آئل سیکٹر تباہی کے دہانے پر ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں تیل کی مجموعی فروخت (پیٹرول، ڈیزل اور فرنس آئل) جنوری میں 14 لاکھ 40 ہزار ٹن رہی جو کہ دسمبر 2022 میں 13 لاکھ 30 ہزار ٹن تھی۔

موجودہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران یہ فروخت 19 فیصد کی کمی سے ایک کروڑ 5 لاکھ ٹن تک آ گئی جوکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ایک کروڑ 30 لاکھ ٹن تھی۔

او سی اے سی نے حکومت کو مطلع کیا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اچانک کمی سے مجموعی طور پر اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے کیونکہ لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) کو نئے نرخوں کی بنیاد پر طے کیے جانے کا امکان ہے جبکہ متعلقہ مصنوعات پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ ان نقصانات کا اثر آئل سیکٹرکے منافع پر پڑے گا کیونکہ بعض صورتوں میں نقصان پورے سال کے منافع سے زیادہ ہوجاتا ہے۔

یکم اپریل 2020 کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے منظوری کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو ایل سیز کے لیے 60 روز تک کے زرمبادلہ کے نقصانات کے لیے زرتلافی کی اجازت ہے، تاہم دیگر رکن کمپنیاں پی ایس او کے ساتھ درآمدی پروفائل میں فرق کی وجہ سے اپنے تمام نقصانات پورا سے قاصر ہیں۔

او سی اے سی نے اوگرا سے کہا کہ وہ فوری طور پر اس میکانزم پر نظر ثانی کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اگر آئل سیکٹر کی عملداری اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کو سپلائی کو یقینی بنایا جائے تو اس سیکٹر کے زر مبادلہ کے نقصانات کی مکمل تلافی ہوجائے۔

او سی اے سی کے مطابق گزشتہ 18 ماہ کے دوران تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے بینکنگ سیکٹر سے آئل انڈسٹری کے لیے دستیاب تجارتی مالیاتی حدیں ناکافی ہو گئی ہیں، روپےکی قدر میں حالیہ کمی کے نتیجے میں ایل سی کی حدیں راتوں رات 15 سے 20 تک کم ہوگئی ہیں۔

او سی اے سی نے کہا کہ ملک میں مناسب مصنوعات کی درآمد کو یقینی بنانے کے لیے موجودہ تیل کی قیمتوں، ایکسچینج ریٹ اور ہر کمپنی کے پاس موجود حجم کے مطابق تجارتی مالیات اور ایل سی کی حد میں اضافہ کرنا ضروری ہے، بینکنگ سیکٹر سے او سی اے سی کی رکن کمپنیوں کی حد بڑھانے کی درخواست کی جائے۔

ریسرچ کے مطابق حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) کی مد میں 299 ارب روپے جمع ہونے کا امکان ہے۔

فی الحال حکومت پیٹرول پر پی ڈی ایل کی مد میں 50 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 40 روپے وصول کر رہی ہے، زیادہ سے زیادہ ممکنہ لیوی (50 روپے لیٹر) کے ساتھ بھی حکومت کے لیے بجٹ کے مطابق اپنے 855 ارب روپے کا ہدف حاصل کرنا ممکن نظر نہیں آرہا۔

آئی ایم ایف ٹیکس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مزید سخت اقدامات پر زور دے رہا ہے جس میں پی ڈی ایل کی حد میں اضافہ اور جنرل سیلز ٹیکس کے نفاذ جیسے اقدامات شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024