پیاز مہنگی ہونے پر دلہن نے پھولوں کے بجائے اس کا گلدستہ بنا ڈالا
کیا آپ نے ایسی کوئی ایسی شادی دیکھی ہے جہاں جوڑے کی جانب سے پھولوں کی جگہ سبزی کا دستہ استعمال کیا جارہا ہو؟
فلپائن میں پیاز کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد ایک جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب میں پھولوں کی جگہ پیاز کا دستہ اٹھالیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے خیلج ٹائمز کے مطابق 28 سالہ دلہن لیکا پوری نوبس نے کہا کہ انہیں یہ خیال اس وقت آیا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر پھولوں جیسا دکھائی دینے والے پیاز کا ایک دستہ دیکھا تھا۔
دلہن نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی پی این اے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ان کے لیے یہ بہت منفرد انتخاب تھا، میں نے اپنے شوہر سے مشورہ کیا کہ کیا ہم پھول کے بجائے پیاز استعمال کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے یہ اس لیے کیا کیونکہ شادی کے بعد پھول مرجھا جاتے ہیں اور پھینک دیے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ پیاز شادی کے بعد بھی استعمال ہوسکتاہے، لیکن پھول مرجھا جاتے ہیں۔
حال ہی میں فلپائن میں پیاز کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، فلپائن میں پیاز کی قیمت مرغی کی قیمت سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ 9 جنوری کو فلپائن میں پیاز کی قیمت 600 پیسو فی کلو فروخت ہورہے تھے یعنی 10.88 ڈالر (پاکستان روپے 3 ہزار 22 روپے بنتے ہیں)
جوڑے نے اصل میں روایتی پھول خریدنے کے لیے 15 ہزار فلپائنی پیسو تقریبا 275 ڈالر مختص کئے تھے، تاہم انہوں نے پیاز کی بوری خریدنے کے لیے 8 ہزار فلپائنی پیسو یعنی تقریبا 147 ڈالر خرچ کرکے کام چلا لیا۔
جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب میں تمام مہمانوں کو یادگار کے طور پر پیاز تقسیم کیے۔
دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارہ سی این این کے مطابق فلپائن میں پیاز کے سپلائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، پیاز کی قیمتوں میں اتنا زیادہ اضافہ ہورہا ہے کہ اسے اسمگل کیا جا رہا ہے۔