• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پی ایس ایل 8: ملتان سلطانز کی شان دار کارکردگی، پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست

شائع February 17, 2023
سلطانز نے میچ 56 رنز سے جیت لیا—فوٹو: اے ایف پی
سلطانز نے میچ 56 رنز سے جیت لیا—فوٹو: اے ایف پی
محمد رضوان اور رائلی روسو نے نصف سنچریاں بنائیں—فوٹو: اے ایف پی
محمد رضوان اور رائلی روسو نے نصف سنچریاں بنائیں—فوٹو: اے ایف پی
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے گزشتہ پانچ میچوں میں سے گزشتہ چار میچوں میں ملتان سلطانز کی ٹیم فاتح رہی ہے— فوٹو: ٹوئٹر
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے گزشتہ پانچ میچوں میں سے گزشتہ چار میچوں میں ملتان سلطانز کی ٹیم فاتح رہی ہے— فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز کپتان رضوان اور روسو کی شان دار بیٹنگ کے بعد باولنگ میں بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو54 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا اور 54 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد 20 رنز بنانے والے شان مسعود کی اننگز کا سلمان ارشاد نے خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے رائلی روسوو آئے اور دونوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مجموعی اسکور 116 رنز تک پہنچایا۔

اس موقع پر 42 گیندوں پر 66 رنز بنانے والے محمد رضوان بھی وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے، انہیں صفیان مقیم نے آؤٹ کیا۔

رائلی روسوو کی جانب سے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر مجموعے کو 191 تک پہنچایا جس کے بعد ان کی 36 گیندوں پر دو چھکوں اور بارہ چوکوں سے مدد سے 75 رنز کی برق رفتار اننگز اختتام کو پہنچی۔

رائلی روسو نے 75 اور محمد رضوان نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔

ڈیوڈ ملر اور کیرون پولارڈ نے آخری اوور میں 19 رنز بٹورے اور مقررہ اوورز میں ٹیم کا اسکور 3 وکٹوں پر 210 رنز کردیا۔

ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 210 رنز بنائے۔

پشاور کی جانب سے سلمان ارشاد نے 2 جبکہ صفیان مقیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے محمد حارث کے ساتھ ہدف کا تعاقب شروع کردیا اور دونوں کے درمیان 41 رنز کی شراکت ہوئی۔

بابراعظم 9 رنز بنا کر نوجوان فاسٹ باؤلر احسان اللہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

زلمی کے نوجوان بلے باز محمد حارث اور صائم ایوب نے 47 رنز کی شراکت بنائی اور 9 ویں اوور میں ٹیم کا اسکور 88 رنز تک پہنچایا۔

صائم ایوب نے اس موقع پر جارحانہ انداز اپنایا اور خوب صورت کھیل کا مظاہرہ کیا۔

محمد حارث نے 23 گیندوں کا سامنا کرکے ایک چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے لیکن میچ کے اہم موڈ پر رن آؤٹ ہو کر باہر چلے گئے۔

ٹوم کوہلر کیڈمور نے گزشتہ میچ میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا تاہم سلطانز کے خلاف ان کا بلا نہیں چل سکا اور صرف 3 رنز کا اضافہ کرکے اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے اینڈ سے صائم ایوب نے اچھی بیٹنگ جاری رکھی اور رواں سیزن میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے رومین پاول نے پشاور زلمی کے لیے 12 گیندوں پر ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 23 رنز کا اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں اسکور 14 ویں اوور میں 130 رنز تک پہنچ گیا۔

رومین پاول 23 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر ڈیوڈ ملر کا کیچ بنے۔

سلطانز کے اسامہ میر نے بھانوکا راجاپکسا کو ایک رن بنانے کی مہلت دی اور 133 کے مجوعے پر زلمی کی 5 ویں وکٹ گرادی۔

پشاور زلمی کا اسکور 15 اوور میں 134 رنز تک پہنچ سکا اور ایسے میں 53 رنز پر کھیلنے والے صائم ایوب بھی اسامہ میر کی وکٹ بن گئے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

تجربہ کار وہاب ریاض صرف ایک رن بنا کر بریتھویٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

خرم شہزاد کو احسان اللہ نے روسو کے ہاتھوں کیچ کرایا اور انہوں نے 2 رنز بنائے تھے۔

جیمز نیشام نے 9 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 12 رنز بنائے لیکن عباس آفریدی نے انہیں 153 کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔

احسان اللہ نے ایک مرتبہ پھر ملتان سلطانز کے لیے زبردست باؤلنگ کی اور 154 کے اسکور پر سلمان ارشاد کو صفر پر آؤٹ کرکے اپنی تین وکٹیں مکمل کیں۔

پشاور زلمی کی پورٹی ٹیم 19 ویں اوور کی آخری گیند پر 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور یوں سلطانز نے میچ باآسانی 56 رنز سے جیت لیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ اور اسامہ میر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، عباس آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز کے رائلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ سے قبل ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچز میں پشاور زلمی نے اپنے واحد میچ میں فتح حاصل کی تھی جبکہ ملتان سلطانز کو ایک میچ میں کامیابی اور دوسرے میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے گزشتہ پانچ میچوں میں سے گزشتہ چار میچوں میں ملتان سلطانز کی ٹیم فاتح رہی ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پشاور زلمی: بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، بھنوکاراجاپکسے، روومین پاول، جمی نیشام، وہاب ریاض، خرم شہزاد، سلمان ارشاد اور صفیان مقیم۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، رائلی روسوو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، کارلوس بریتھ ویٹ، اسامہ میر، ثمین گُل، عباس آفریدی اور احسان اللہ۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024