بلوچستان: سیکیورٹی فورسز پر حملہ ناکام،جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا اور جوابی کارروائی میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی کی، جس میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 22 فروری کی شام کو بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق الرٹ اور ہمہ وقت تیار جنگی دستوں نے نہ صرف اس بزدلانہ کوشش کو بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنایا بلکہ انہوں نے زمینی اور فضائی آلات کا استعمال کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے فوری طور پر فالو اپ آپریشن بھی شروع کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس کے بعد 23 فروری کو صبح مزہبند رینج میں دہشت گردوں کے ایک مشتبہ ٹھکانے کی نشان دہی کی گئی جہاں آپریشن شروع کیا گیا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 8 دہشت گرد مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے زیرقبضہ بارودی مواد سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کہنے پر دشمن عناصر کی جانب سے صوبے میں امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر اٹھی ہے جس کی وجہ سے بالخصوص خبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ملک بھر میں اکثر دہشت گردی کے حملوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان ملوث ہے، جس کا اعتراف بھی کیا جاتا رہا ہے۔
گزشتہ برس حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات میں تناؤ کے بعد کالعدم گروہ نے ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی دھمکی دی تھی۔
اس سے قبل 18 جنوری 2023 کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاک-ایران سرحد کے قریبی علاقے چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سپاہی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سرحد پر گشت کرنے والے فوجی دستے پر حملہ کرنے کے لیے دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین استعمال کی، تاہم ایران کو اپنی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا کہا گیا ہے۔