• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

خضدار: ایس ایس پی کے اسکواڈ کے قریب دھماکا، 2 اہلکار شہید

شائع February 25, 2023
ایس ایس پی خضدار کے اسکواڈ میں شامل دو اہلکار شہید ہوئے—فوٹو: اسمٰعیل ساسولی
ایس ایس پی خضدار کے اسکواڈ میں شامل دو اہلکار شہید ہوئے—فوٹو: اسمٰعیل ساسولی

بلوچستان کے ضلع خضدار میں سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کے اسکواڈ کے قریب دھماکے سے دو اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔

ایس ایچ او خضدار محمد جان ساسولی نے ڈان کو بتایا کہ جھالاوان کمپلیکس کے قریب ایس ایس پی خضدار فہد خان کھوسوکے اسکواڈ کے قریب بم دھماکا ہوا جس نتیجے میں اسکواڈ میں شامل ایک اہلکار موقع پر جبکہ دوسرا اہلکار ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

انہوں نے کہا کہ تین اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوراٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی خضدار کے اسکواڈ کی موبائل معمول کی گشت پر تھی کہ جھالاوان کمپلیکس کے قریب پر دھماکا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے خضدار میں پولیس کی گاڑی پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں اہلکاروں کی شہادت زخمی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس واقعے کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے، بلوچستان کے عوام اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے عفریت کا خاتمہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

عبدالقدوس بزنجو نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاقے میں سیکیورٹی کے لیےمؤثر اقدامات کیے جائیں اور دہشت گردی کے ایسے واقعات کا سدباب کیا جائے۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے خضدار میں ایس پی کے اسکواڈ پر دھماکے کی مذمت کی اور ضلعی انتظامیہ کو واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

انہوں نے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

اس سے قبل گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے ضلع آوران میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ دہشت گرد کو ہلاک کردیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے حالیہ دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں کے ٹھکانے کے بارے میں مصدقہ خفیہ اطلاع پر آوران میں آپریشن کیا، ان حملوں میں دیسی ساختہ بم استعمال کیے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 23 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا تھا اور جوابی کارروائی میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024