سجل علی نے میڈم نور جہاں کی گائی غزل گنگنا کر مداحوں کے دل جیت لیے
معروف اداکارہ سجل علی نے میڈم نور جہاں کی گائی ناصر کاظمی کی غزل ’نیت شوق بھر نہ جائے کہیں‘ گنگنا کر ملکہ ترنم کی یاد تازہ کردی۔
سجل علی نے ’بی بی سی ایشین نیٹ ورک‘ کے ریڈیو شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم ’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ اور اپنے شوبز کیریئر پر تفصیلی گفتگو کی۔
انٹرویو کے دوران گیم راؤنڈ میں سجل علی نے پہلے سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں عاطف اسلم کا گانا ’دل دیا گلاں‘ گنگنایا۔
بعدازاں میزبان کی فرمائش پر سجل نے ناصر کاظمی کی غزل ’نیت شوق بھر نہ جائے کہیں‘ گنگنائی، اس غزل کو میڈم نور جہاں نے گایا تھا۔
یاد رہے کہ سجل علی نے اس سے قبل ڈراما سیریل ’او رنگ ریزا‘ کا گانا معروف گلوکار ساحر علی بھگا کے ساتھ گایا تھا جسے مداحوں کی جانب سے کافی پسند کیا گیا تھا۔
انٹرویو کی دوران سجل نے ایک بار پھر بولی وڈ اداکارہ سری دیوی کے ساتھ کام کا تجربہ شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ سری دیوی کے ساتھ کام کا تجربہ نہایت خوش گوار تھا کیوں کہ سری دیوی کو دیکھ کر ہی انسان سب کچھ بھول جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک اچھے اداکار کے لیے اس کا اچھا انسان ہونا بھی ضروری ہے تاکہ کوئی بھی شخص ان کے ساتھ اچھا محسوس کر سکے اور سری دیوی میں یہ تمام خصوصیات پائی جاتی تھیں۔
اس سے قبل سجل نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سری دیوی کے ساتھ کام کرنا میرے لیے بہت بڑی بات تھی اور میرے ملک کے لیے بھی اعزاز کی بات تھی۔