• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

وزیراعظم کی نجم سیٹھی کو پی ایس ایل کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی

شائع February 26, 2023
پی ایس ایل 8 کے بقیہ میچز شیڈول کے مطابق ہونے کا امکان ہے — تصاویر: فیس بک
پی ایس ایل 8 کے بقیہ میچز شیڈول کے مطابق ہونے کا امکان ہے — تصاویر: فیس بک

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے بقیہ میچز کے انعقاد کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں پی ایس ایل 8 کے بقیہ میچز کی منتقلی کے معاملے سے آگاہ کیا۔

ٹیلی فون کال پر ہوئی گفتگو میں نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو پنجاب کی نگراں حکومت کے رویے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

تاہم وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے، آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ پی سی بی، نگران حکومت کو ایک روپیہ بھی نہ دینے پر بضد ہے اور اگر نگران حکومت بات نہیں سنتی تو میچز منگل سے کراچی منتقل کیے جاسکتے ہیں۔

پی ایس ایل میچز

دوسری جانب پی ایس ایل 8 کے بقیہ میچز شیڈول کے مطابق ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کراچی میں موجود براڈ کاسٹرز کو راولپنڈی جانے کے احکامات دے دیے ہیں جس کے بعد براڈ کاسٹرز شیڈول کے مطابق آج رات اور کل صبح راولپنڈی روانہ ہوں گے۔

پی ایس ایل کے راولپنڈی میں شیڈول میچز یکم مارچ سے شروع ہوں گے اور پی سی بی کو حکومت پنجاب کے ساتھ معاملات جلد حل ہونے کی امید ہے۔

واضح رہے کہ حکومتِ پنجاب نے سیکیورٹی فنڈز کا مطالبہ 45 کروڑ روپے سے کم کر کے 25 کروڑ روپے کردیا لیکن پی سی بی نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ 2014 میں طے پانے والے معاہدوں کے مطابق ٹیموں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا مؤقف واضح ہے لیکن حکومت پنجاب واضح نہیں ہے، پہلے اس نے ایک بجٹ بھیجا جس میں پی سی بی کو 90 کروڑ روپے ادا کرنے کا کہا گیا، پھر آہستہ آہستہ اسے کم کیا گیا اور اب معاملہ 25 کروڑ روپے پر آگیا ہے۔

دریں اثنا پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے مؤقف کے سبب غیر ملکی کھلاڑیوں کو ممکنہ طور پر اپنی متعلقہ فرنچائزز سے نکلتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حکومت کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اگر حکومت غیر ملکی کھلاڑیوں کو صدارتی سطح کی سیکیورٹی فراہم نہیں کرے گی تو فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس بلالے گی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024