پی ایس ایل 8: فہیم اشرف کی شاندار بیٹنگ، سلطانز کو شکست
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2023 کے ایک اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں 206 رنز بنا کر دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 24 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کے اوپنرز نے پہلی وکٹ میں ذمہ دارانہ انداز میں ایک اچھی شراکت قائم کی۔
کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے 6 اوور میں 57 رنز کی شراکت قائم کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے محمد رضوان کو 57 کے مجموعے پر آؤٹ کردیا، جنہوں نے ایک چوکا اور 3 چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے تھے۔
رائلی روسو بڑی اننگز نہیں کھیل پائے لیکن شان مسعود کا ساتھ دیتے ہوئے اسکور 99 رنز تک پہنچایا اور 15 گیندوں پر 15 رنز بنا کر شاداب خان کی وکٹ بنے۔
شان مسعود اور ٹم ڈیوڈ نے تیسری وکٹ پر بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے برق رفتاری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کو 17 ویں اوور میں 179 کے اسکور پر پہنچادیا۔
شان مسعود نے شراکت کے دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
شان مسعود نے 50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ٹم ڈیوڈ نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کی، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
ٹم ڈیوڈ 27 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیل کر 201 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
ڈیوڈ ملر نے 9 گیندوں پر 11 رنز بنائے اور آخری گیند پر آؤٹ ہوئے، انہیں محمد وسیم نے کولن منرو کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 205 رنز بنائے۔
کیرون پولارڈ ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور محمد وسیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان سلطانز نے ایک بڑا ہدف دیا اور یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ بھی 17 کے اسکور پر ایلکس ہیلز کی صورت میں حاصل کرلی۔
یونائیٹڈ کے رحمٰن اللہ گرباز نے 14 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے اور 32 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
کولن منرو نے یونائیٹڈ کو ہدف کا تعاقب آسان بنانے کے لیے جارحانہ بیٹنگ کی اور 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے اور 91 کے اسکور پر اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
منرو اور شاداب خان نے ایک اچھی شراکت قائم کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان اس میچ میں ناکام رہے اور صرف 3 رنز بنا کر اسامہ میر کی وکٹ بنے۔
کپتان شاداب خان نے 25 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے اور 138 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جو یونائیٹڈ کی پانچویں وکٹ تھی اور اس موقع پر ٹیم دباؤ میں نظر آئی۔
فہیم اشرف نے مشکل وقت میں ٹیم کی کمان سنبھالی اور جیت کی طرف لے کر گئے۔
دوسرے اینڈ سے آصف علی 5 گیندوں کا سامنا کرکے 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو یونائیٹڈ کا اسکور 16 ویں اوور میں 148 رنز تھا۔
مبصر خان بھی 5 رنز بنا کر احسان اللہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
انور علی نے 19 ویں اوور کی پانچویں گیند پر محمد وسیم کو آؤٹ کیا جنہوں نے 7 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 16 رنز بنائے تھے۔
آخری اوور میں فہیم اشرف نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور نہ صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ ٹیم کو بھی شان دار فتح دلائی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر 8 وکٹوں پر 209 رنز بنا کر میچ 2 وکٹوں سے جیت لیا۔
فہیم اشرف نے ناقابل شکست 51 رنز بنائے، جس میں 26 گیندوں پر 5 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے انور علی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، احسان اللہ اور اسامہ میر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
فہیم اشرف کو آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔