• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پہلا ٹی20: پاکستان کو پہلی بار افغانستان کے ہاتھوں شکست

شائع March 25, 2023
پاکستان کے قائم مقام کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان کے قائم مقام کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی— فوٹو بشکریہ پی سی بی

افغانستان نے اسپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو پہلے ٹی20 میچ میں ناکامی سے دوچار کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کو شکست دینے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کے قائم مقام کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے میچ میں چار نئے کھلاڑیوں صائم ایوب، طیب طاہر، زمان خان اور احسان اللہ کو ڈیبیو کرایا۔

پاکستان کو اننگز کی ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور محمد حارث صرف چھ رنز بنانے کے بعد فضل الحق فاروقی کی وکٹ بن گئے جبکہ اگلے اوور میں عظمت اللہ عمرزئی نے عبداللہ شفیق کو بھی چلتا کردیا۔

صائم ایوب نے 17 رنز کی باری کھیلی لیکن 39 کے مجموعی اسکور پر نوین الحق نے انہیں بولڈ کر کے پاکستان کو تیسرا نقصان پہنچایا لیکن پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب طیب طاہر کے بعد اعظم خان بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

شاداب خان اور عماد وسیم نے مل کر اسکور کو 60 تک پہنچایا ہی تھا کہ قائم مقام کپتان شاداب کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔

عماد وسیم نے 32 گیندوں کا سامنا کیا لیکن پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرنے والے آل راؤنڈر صرف 18 رنز بنا کر فضل الحق فاروقی کی دوسری وکٹ بن گئے۔

پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 92 رنز بنا سکی، افغانستان کی جانب سے محمد نبی، فضل الحق فاروقی اور مجیب الرحمٰن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم کو بھی باؤلنگ کے سازگار وکٹ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 23 کے مجموعی اسکور پر احسان اللہ نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی ہی گیند پر ابراہیم زدران کی وکٹ دے لی۔

ابھی افغان ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ایک گیند بعد ہی گلبدین نائب بھی احسان کا شکار بن گئے۔

پاکستان کو تیسری کامیابی اس وقت ملی جب اگلے اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر عبدالہ شفیق کے عمدہ کیچ نے رحمٰن اللہ گُرباز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اسکور 45 تک پہنچا ہی تھا کہ عماد وسیم نے پاکستان کو چوتھی کامیابی دلاتے ہوئے کریم جنت کا کام تمام کردیا، عماد جلد ہی ایک اور وکٹ لے لیتے لیکن وکٹوں کے عقب میں موجود اعظم خان کیچ نہ لے سکے۔ 45 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی میچ میں واپسی کی موہوم سی امید پیدا ہوئی لیکن اس مرحلے پر محمد نبی اور جیب اللہ زدران پاکستانی باؤلنگ کے خلاف ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے مشکل وکٹ پر ذمے دارانہ کھیل پیش کیا اور اپنی ٹیم کو 13 گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی دلا کر چھ وکٹوں کی تاریخی فتح سے ہمکنار کرا دیا، محمد نبی نے 38 اور نجیب نے 17 رنز کی باری کھیلی۔

یہ افغانستان کی ٹیم کی پاکستان کے خلاف ٹی20 میچوں میں پہلی فتح ہے۔

محمد نبی کو جرات مندانہ اننگز اور دو وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

پاکستان: شاداب خان(کپتان)، صائم ایوب، محمد حارث، عبداللہ شفیق، طیب طاہر، اعظم خان، فہیم اشرف، عماد وسیم، نسیم شاہ، زمان خان اور احسان اللہ۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024