• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پنجاب: مفت آٹے کی تقیسم کے مرکز پر جھگڑا، خاتون سمیت 5 افراد زخمی

شائع April 2, 2023
عامر میر نے بتایا کہ اب تک ڈھائی کروڑ سے زائد افراد مفت آٹا اسکیم سے مستفید ہوچکے ہیں — فائل فوٹو: وائٹ سٹار
عامر میر نے بتایا کہ اب تک ڈھائی کروڑ سے زائد افراد مفت آٹا اسکیم سے مستفید ہوچکے ہیں — فائل فوٹو: وائٹ سٹار

پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے شورکوٹ میں مفت گندم کی تقسیم کے مرکز میں جھگڑے کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے جبکہ مظفر گڑھ میں آٹے کی عدم دستیابی کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دوسری طرف پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے آٹے کی تقسیم کے دوران اموات کی رپورٹس کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا پروپیگنڈا قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ درجن افراد کی موت کا دعویٰ محض شرارت ہے، مزید کہا کہ لیکن بدقسمتی سے رش کے سبب تین افراد کی قیمتی جانوں کا نقصان ہوا، اس معاملے کی انکوائری چل رہی ہے۔

گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول شورکوٹ کینٹ میں آٹے حاصل کرنے کے لیے آنے والوں کا شدید رش تھا، پولیس اور عوام کے درمیان جھگڑا شروع ہوا جس کے سبب بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوئی۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ یہاں پر اسی طرح کی صورتحال 2 روز قبل بھی رونما ہوئی تھی، جب لوگوں نے زبردستی اسکول کے گیٹ کھول کر آٹا تقسیم کرنے کے مرکز میں داخل ہونے کی کوشش کی، اس دن بھی متعدد لوگ زخمی ہوئے تھے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات نے آٹے کی مفت تقسیم کے حوالے سے صورتحال کو پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا قرار دے کر اسے مسترد کر دیا۔

عامر میر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے رہنما جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، مزید کہا کہ اب تک ڈھائی کروڑ سے زائد افراد مفت آٹا اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں اور یہ کامیابی سے جاری ہے جبکہ پورے پنجاب سے آٹے کے معیار کے حوالے سے صرف 2 شکایات موصول ہوئی ہیں۔

نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ آٹے کی تقیسم کے دوران آنسو گیس استعمال کرنے کا الزم صرف ایک مذاق ہے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اپنی سیاست کے لیے عوامی خدمت کے منصوبے کو تباہ نہیں کرنا چاہیے، مزید کہا کہ بہتر ہے کہ نگران حکومت کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔

فیصل آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں جڑانوالہ کے ایک مرکز میں 2 روز قبل خاتون کی موت کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا گیا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ خاتون کی شناخت مجیداں بی بی کے نام سے ہوئی ہے، ان کا انتقال آٹے کی تقسیم کے مرکز سے واپس جانے کے بعد ہوا، مزید بتایا گیا کہ انکوائری کے دوران خاتون کے صاحبزادے علی رضا نے بتایا کہ جب ان کی والدہ آٹا لے کر گھر پہنچیں تو انہوں نے سینے میں درد کی شکایات کی، انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی چل بسیں۔

مظفر گڑھ

مظفر گڑھ میں جتوئی علاقے میں لوگوں نے کئی گھنٹے تک آٹے کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکام کے متعدد ایجنٹس آٹے کی تقسیم کے مرکز پر ایک تھیلے کے 200 روپے لے رہے ہیں۔

مظاہرین نے آٹا ملنے تک احتجاج جاری رکھا، اسسٹنٹ کمشنر ناصر شہزاد ڈوگر نے فیصل اسٹیڈیم میں مفت آٹا مرکز سے ایک شخص کو درجن سے زائد کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز سمیت گرفتار کر لیا۔

ساہیوال

ساہیوال ڈویژن میں 13 لاکھ 69 ہزار 983 آٹے کے تھیلے عوام میں تقسیم کیے گئے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے اضلاع میں بالترتیب 4 لاکھ 57 ہزار 505، 5 لاکھ 32 ہزار 49 اور 3 لاکھ 80 ہزار 429 آٹے کے تھیلے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

کمشنر شعیب اقبال نے کہا کہ ڈویژن میں 37 مراکز میں 679 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں 15 ٹرکوں کے ذریعے بھی آٹا تقسیم کیا جارہا ہے۔

خانیوال

خانیوال کی ضلعی انتظامیہ نے 2 دن کی تعطیلات کے بعد دوبارہ مفت آٹا فراہم کرنا شروع کردیا۔

ضلع بھر میں شہریوں کو مفت آٹے کی فراہمی منظم طریقے سے جاری رہی، ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر رانا عمر فاروق نے آٹے کی تقسیم کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے شبیر اسٹیڈیم میں معذور افراد اور خواتین میں مفت آٹا تقسیم کیا اور تمام افسران اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ کام کو انجام دینے کے لیے روزانہ صبح 6 بجے سے فیلڈ میں رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024