• KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am

ملالہ یوسف زئی کا یاد داشتوں پر مبنی کتاب لکھنے کا اعلان

—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

نوبیل انعام سماجی رہنما اور فلم پروڈیوسر ملالہ یوسف زئی نے یادداشتوں پر مبنی ایک اور کتاب لکھنے کا اعلان کردیا، ان کی مذکورہ کتاب 2014 کے بعد کی ان کی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں اور واقعات پر مبنی ہوگی۔

ملالہ یوسف زئی نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ اپنی پہلی یادداشتوں کی کتاب ’آئی ایم ملالہ‘ کو 10 سال گزرنے کے بعد دوسری کتاب لکھنے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ خبر رساں ادارے کی خبر کا لنک بھی شیئر کیا، جس میں ان کی کتاب سے متعلق معلومات تھیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق ملالہ یوسف زئی 2014 کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں، واقعات اور مسائل کی یادداشتوں پر مبنی کتاب لکھنے میں مصروف ہیں، جسے امریکا اور برطانیہ کے دو مختلف اشاعت گھر شائع کریں گے۔

ان کی مذکورہ کتاب کو دوسرے ممالک میں دوسرے اشاعت گھر شائع کریں گے اور مذکورہ کتاب انگریزی زبان میں ہوگی، جس کے بعد میں دوسری زبانوں میں تراجم کیے جانے کا امکان ہے۔

ملالہ یوسف زئی کی مذکورہ کتاب ان کی یادداشتوں پر مبنی ہوگی اور وہ کتاب کی خود تنہا لکھاری ہوں گی۔

انہوں نے کتاب لکھنے کے حوالے سے بتایا کہ ان کی زندگی میں 2014 کے بعد بہت ساری تبدیلیاں ہوئیں، انہوں نے نوبیل انعام جیتا، آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور شادی بھی کی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ملالہ یوسف زئی کی مذکورہ کتاب کا عنوان کیا ہوگا اور اسے کب تک شائع کیا جائے گا، تاہم ممکنہ طور پر اسے آئندہ برس تک شائع کردیا جائے گا۔

اس سے قبل ملالہ یوسف زئی نے ’آئی ایم ملالہ‘ نامی سوانح عمری کی کتاب دوسری خاتون لکھاری کی شراکت داری سے 2013 میں لکھی تھی۔

بعد اازاں ملالہ یوسف زئی نے مہاجرین بچوں کے حقوق کے لیے بھی 2018 میں ایک کتاب لکھی تھی۔

واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو 2012 میں سوات میں اسکول سے واپسی پر حملہ کرکے زخمی کردیا گیا تھا، اُس وقت ان کی عمر صرف 15 برس تھی، انھیں خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے آواز اٹھانے پر نشانہ بنایا گیا تھا۔

ملالہ یوسف زئی کو ابتدائی طور پر پاکستان میں ہی طبی امداد دی گئی تھی تاہم بعد میں انھیں برطانیہ کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔

انہیں 2014 میں بچوں کی تعلیم کے لیے مہم چلانے پر ہندوستان کے کیلاش ستھیارتھی کے ساتھ مشترکہ طور پر نوبیل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔

ملالہ یوسف زئی اعزازی طور پر کینیڈا کی شہریت حاصل کرنے والی چھٹی شخصیت ہیں جنہیں نوبیل پرائز کے علاوہ ورلڈ چلڈرن پرائز جیسے ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

ملالہ یوسف زئی نے برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے سیاسیات اور فلاسافی کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد گزشتہ برس عصر ملک سے شادی کی تھی۔

ملالہ یوسف زئی نے نیٹ فلیکس اور ایپل ٹی وی کے ساتھ فلمیں اور ویب سیریز پروڈیوس کرنے کا معاہدہ بھی کر رکھا ہے اور انہوں نے اپنا ایک پروڈکشن ہاؤس بھی کھول رکھا ہے۔

ملالہ یوسف زئی ’ملالہ فنڈ‘ کے نام سے ایک فلاحی ادارہ بھی چلاتی ہیں جو دنیا بھر کی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 مئی 2025
کارٹون : 3 مئی 2025