• KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am

مس یونیورس کی فائنلسٹ گھڑ سواری کے دوران ہلاک

—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

آسٹریلیا کی دوشیزہ، خوبرو ماڈل اور ’مس یونیورس‘ کے مقابلہ حسن کی فائنلسٹ 23 سالہ سینا ویر گھڑ سواری کے دوران تیز رفتار گھوڑے سے گرنے اور زخمی ہونے کے بعد چل بسیں۔

معروف میگزین ’پیپلز‘ کے مطابق سینا ویر گزشتہ ماہ اپریل کے دوران گھڑ سواری کرتے ہوئے تیز رفتار گھوڑے سے گر کر شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

حادثے کے دوران ان کا گھوڑا بھی زخمی ہوا تھا اور دونوں کو ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم سینا ویر ایک ماہ زیر علاج رہنے کے باوجود جاں بر نہ ہوسکیں۔

آسٹریلوی نشریاتی ادارے ’نیوز ڈاٹ کام‘ کے مطابق سینا ویر دوران علاج وینٹی لیٹر پر بھی رہیں اور کئی دن سے انہیں مصنوعی طریقے سے سانس دیا جا رہا تھا۔

ماڈل کئی ہفتوں تک زیر علاج رہنے کے بعد 6 مئی کو چل بسیں، جس پر آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں ’مس یونیورس‘ کے مقابلوں میں حصہ لینے والی دوشیزاؤں نے ان کی موت پر اظہار افسوس کیا۔

سینا ویر 2022 کے ’مس یونیورس‘ مقابلوں میں آسٹریلیا کی جانب سے شریک ہوئی تھیں اور فائنل ہونے والی 22 خوبصورت ترین دوشیزاؤں میں سے ایک تھیں۔

انہوں نے انگریزی ادب اور سائکولاجی میں گریجوئیشن کر رکھا تھا اور وہ چند سال سے کینسر کے شکار بچوں کے لیے کام کرنے والی فلاحی تنظیموں کے ساتھ فنڈز اکٹھے کرنے میں بھی مصروف تھیں۔

سینا ویر بچپن سے گھڑ سواری کرتی آ رہی تھیں، انہوں نے تین سال کی عمر سے گھڑ سواری سیکھ لی تھی اور انہیں اس میں ماہر مانا جاتا تھا۔

تیز رفتار گھوڑے سے گرنے سے قبل بھی وہ متعدد بار مذکورہ گھوڑے پر سواری کر چکی تھیں۔

سینا ویر سے قبل بھی مقابلہ حسن میں حصہ لینے والی آسٹریلیا کی ایک دوشیزہ 2019 میں گھڑ سواری کے دوران گھوڑے سے گر کر ہلاک ہوئی تھیں۔

علاوہ ازیں اس سے قبل بھی ایک حسینہ جمپنگ کے دوران اپنا تواز کھو بیٹھنے اور الٹا گر جانے سے سینے پر سخت چوٹیں لگنے کی وجہ سے ہلاک ہو چکی تھیں۔

سینا ویر اور اس سے قبل ہلاک ہونے والی دونوں دوشیزاؤں کا تعلق مقابلہ حسن کے لیے لڑکیوں کو تیار کرنے والی ایک ہی ماڈلنگ ایجنسی سے تھا۔

سینا ویر کی ہلاکت کے بعد آسٹریلوی افراد نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ان کی موت پر لکھا کہ جنت کو ایک پری مل گئی۔

کارٹون

کارٹون : 4 مئی 2025
کارٹون : 3 مئی 2025