• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

عازمین حج و عمرہ کیلئے پاکستانی ایئرپورٹس پر امیگریشن کی سہولت کا معاہدہ

شائع May 18, 2023
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے دفتر وزیراعظم میں اس معاہدے پر دستخط کیے—تصویر: آن لائن
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے دفتر وزیراعظم میں اس معاہدے پر دستخط کیے—تصویر: آن لائن

اسلام آباد اور ریاض نے ’روڈ ٹو مکہ‘ نامی منصوبے کو شروع کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے، جس کا مقصد حج اور عمرہ کے لیے سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کے لیے امیگریشن کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق معاہدے کے تحت عازمین حج کو پاکستان میں امیگریشن کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کے بعد وہ سعودی ہوائی اڈوں پر اس عمل سے مستثنیٰ ہوں گے۔

وزیراعظم ہاؤس (پی ایم او) نے بتایا کہ یہ سروس ابتدائی طور پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دستیاب ہوگی، جہاں تقریباً 26 ہزار عازمین اس سہولت سے مستفید ہوں گے، بعد میں اسے کراچی اور لاہور ایئرپورٹس تک بڑھایا جائے گا۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے دفتر وزیراعظم میں اس معاہدے پر دستخط کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سینیٹر طلحہ محمود، وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

پاکستان اور سعودی عرب نے ملاقات کے مشترکہ منٹس پر بھی دستخط کیے جس میں انہوں نے سعودی عرب میں مقیم برمی مسلمانوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے پر بات چیت کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق 2012 کے بعد برمی مسلمانوں کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کی گئی جس کے باعث مملکت میں ان کے لیے کچھ مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔

اس انتظام کے تحت سعودی عرب میں ان کی قانونی حیثیت کو بہتر بنانے کے لیے ان افراد اور ان کے بچوں کو پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔

بات چیت کے مطابق سعودی عرب اور وزارت داخلہ کے نمائندوں پر مشتمل ایک دو طرفہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو برمی مسلمانوں کو دستاویزات کے جلد اجرا پر کام کرے گی۔

تقریب کے بعد وزیراعظم نے سعودی مہمان کو ایک یادگاری تحفہ پیش کیا، جنہوں نے جواب میں شہباز شریف کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔

سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق رانا ثنا اللہ اور سعودی مہمان کی ملاقات میں اسے منصوبے کا اگلے مرحلے میں کراچی اور لاہور ائیرپورٹ پر بھی آغاز کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ حجاج اس سہولت سے مستفید ہو سکیں ۔

سعودی نائب وزیر داخلہ سے ملاقات میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اس منصوبے نے پاکستانی حجاج کو بے پناہ سہولت اور آسائش فراہم کی ہے اور اس ضمن میں ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔

سعودی نائب وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب کی خواہش تھی کہ اس منصوبے کا آغاز سب سے پہلے پاکستان سے کیا جائے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو اگلے سال سے لاہور اور پشاور تک بھی بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024