• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

سینیٹ میں بجٹ پر بحث شروع ہوتے ہی حکومت، اپوزیشن کی ایک دوسرے پر تنقید

شائع June 13, 2023
وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خطاب میں 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کی مذمت کی —تصویر: ڈان نیوز
وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خطاب میں 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کی مذمت کی —تصویر: ڈان نیوز

سینیٹ میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث شروع ہوتے ہی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس میں اپوزیشن ارکان نے ملک کو معاشی بدحالی کے دہانے پر لے جانے پر موجودہ حکمرانوں پر تنقید کی اور حکومتی اراکین نے آئی ایم ایف کے ساتھ کشیدہ تعلقات کا ذمہ دار پی ٹی آئی کو ٹھہرایا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومتی اراکین نے پی ٹی آئی کو 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ کرکے سرخ لکیر عبور کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایوان کی کارروائی کی ایک خاص بات پرتشدد کارروائیوں پر گہری مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ایک قرارداد کی منظوری تھی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ مجرموں، منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور اکسانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

وزیر مملکت برائے قانون شہادت اعوان کی جانب سے ایوان میں پیش کی جانے والی قرارداد میں 9 مئی کو پیش آنے والے آتش زنی اور توڑ پھوڑ کی حیران کن، ڈھٹائی، بے شرمی اور تکلیف دہ کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔

قرارداد میں جناح ہاؤس، لاہور، شہدا اور قومی ہیروز کی یادگاروں، عمارتوں اور فوجی تنصیبات اور ریڈیو پاکستان، پشاور پر حملوں کی مذمت کی گئی۔

اس میں مادر وطن کو تمام اندرونی اور بیرونی خطرات سے بچانے میں مسلح افواج کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا اور شہدا کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایوان نے عزم کیا کہ مادر وطن کے لیے ان کی خدمات کو آنے والے ہر دور میں بلند مقام پر رکھا جائے گا۔

وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خطاب میں 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی سیاسی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کارروائیوں کے پیچھے ایک جامع منصوبہ ہے جسے ریاست اور قوم کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی۔

وزیر نے ملکی معاملات کو قانون اور آئین کے مطابق چلانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاست کو انتشار پیدا کرنے کا ذریعہ بننے کے بجائے بات چیت کا ایک مسلسل عمل ہونا چاہیے۔

انہوں نے بعض اقتصادی پالیسیوں پر تعمیری تنقید اور ان کو مزید بڑھانے کے لیے تجاویز دینے پر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کی تعریف کی۔

اعظم نذیر تارڑ نے گزشتہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھی تنقید کی، ساتھ ہی کہا کہ 2017 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے اقتصادی اشارے مثبت تھے جس میں اشیا کی مستحکم قیمتیں نچلے متوسط طبقے کے لیے قابل رسائی تھیں۔

ملک میں مالی بحران کا ذمہ دار گزشتہ حکومت کو ٹھہراتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ اس نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اہم قرضے لیے جو کہ گزشتہ 75 سال سے ملکی تاریخ میں نہیں لیے گئے۔

اپوزیشن کا بڑھتی ہوئی غربت پر اظہارِ تشویش

قبل ازیں بحث کا آغاز کرتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ مخلوط حکومت نے مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کو بہتر بنانے اور ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ غربت میں اضافہ ہوا ہے اور 200 ارب روپے کے ٹیکسوں کے نفاذ سے عوام پر مزید بوجھ پڑے گا جبکہ ملک کی آمدنی کا بڑا حصہ قرضوں پر سود کی ادائیگی میں جائے گا جس کے بعد ترقیاتی کاموں کے لیے ایک محدود رقم بچے گی۔

معاشی مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈاکٹر شہزاد وسیم نے حقیقی اصلاحات متعارف کرانے، غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کے علاوہ کاؤنٹی کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے قومی ترجیحات کا تعین کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اشرافیہ کی ثقافت نے ہمیشہ ملکی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی سے ہی ملکی ترقی اور خوشحالی یقینی ہو گی۔

سینیٹر منظور کاکڑ نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے تجویز پیش کی کہ صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھیں اور اس بجٹ کو زیادہ سے زیادہ غریب عوام کے حامی بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کریں اور زراعت کے شعبے کو بھی ترجیح دی جائے۔

سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے مجوزہ بجٹ پر اپوزیشن کی تنقید کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کو ان منصوبوں کے بارے میں بتائے جو انہوں نے شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ کوئی قدم اٹھانے میں ناکام رہے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دور حکومت میں عوام کا پیسہ لوٹا اور سوال کیا کہ وہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر کیسے سوال اٹھا سکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024