پاکستان فٹبال ٹیم کو بھارت جانے کیلئے ماریشیس سے ویزے جاری
پاکستان فٹ بال ٹیم کو ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن (ایس اے ایف ایف) چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے بھارت کے سفر کے لیے ویزے جاری کر دیے گئے۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان فٹبال ٹیم کو بھارت جانے کے لئے ماریشیس سے ویزے جاری کیے گئے، ماریشیس میں موجود بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان فٹبال ٹیم کو ویزے جاری کیے جہاں فٹ بال ٹیم چار ممالک کی سیریز کے لیے موجود تھی۔
پاکستان ٹیم ماریشس سے چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد دستیاب فلائیٹ سے بھارت کے شہر بنگلور جائے گی جہاں وہ ساف کپ میں شرکت کرے گی۔
جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ساف چیمپئن شپ 21 جون سے شروع ہوگی، پاکستان فٹبال ٹیم اپنا افتتاحی میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 21 جون کو ہی کھیلے گی۔
پاکستان ٹیم کو اتوار کے روز بھارت کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن ویزا جاری نہ ہونے کی وجہ سے وہ روانہ نہیں ہوسکی جس کے بعد آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کے جنرل سکریٹری شاجی پربھاکرن نے یقین دلایا تھا کہ ویزے پیر کے روز جاری کردیے جائیں گے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے جمعرات کو سفر کے لیے کلیئرنس دینے کے بعد پاکستان نے ویزے جاری کرنے کے لیے درخواست دی تھی۔
پاکستان فیفا کی معطلی کی وجہ سے 2021 میں ایس اے ایف ایف چیمپئن شپ کا آخری ایڈیشن نہیں کھیل سکا تھا۔