• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بلوچستان کابینہ کا شاہراہوں سے سیکیورٹی چیک پوسٹس ختم کرنے کا حکم

شائع June 25, 2023
صوبائی کابینہ نے بلوچستان میں قائم چیک پوسٹس کے باعث عوام کو درپیش مشکلات پر اظہارِ تشویش کیا — فائل فوٹو: عبدالقدوس بزنجو ٹوئٹر
صوبائی کابینہ نے بلوچستان میں قائم چیک پوسٹس کے باعث عوام کو درپیش مشکلات پر اظہارِ تشویش کیا — فائل فوٹو: عبدالقدوس بزنجو ٹوئٹر

وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے قومی شاہراہوں سے چیک پوسٹوں کو نہ ہٹائے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ہٹانے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کوئٹہ میں میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران صوبے میں امن امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی کابینہ نے سیکیورٹی چیکنگ کی آڑ میں سڑکوں پر قائم چیک پوسٹوں کے قیام پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔

صوبائی کابینہ نے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی سیکیورٹی اداروں کو شاہراہوں پر قائم چیک پوسٹیں فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سے کوئی بھی ادارہ صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر شاہراہوں پر چیک پوسٹ قائم نہیں کرے گا اور چیک پوسٹ کا قیام محکمہ داخلہ کی اجازت سے مشروط ہوگا۔

صوبائی کابینہ کا کہنا تھا کہ چیک پوسٹوں کی آڑ میں عوام کی تذلیل کسی صورت قبول نہیں، عوام کی عزت نفس کو ہرگز پامال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ بسوں اور گاڑیوں میں سوار خواتین، بچوں، مریضوں اور بوڑھوں کو چیک پوسٹوں پر گھنٹوں روکا جاتا ہے، عوام کو سیکیورٹی کی فراہمی حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی سیکیورٹی ادارے سرحدوں پر ڈیوٹی دے کر ملک کا تحفظ اور اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام یقینی بنائیں، کسٹم، کوسٹ گارڈ پولیس اور لیویز کو شاہراہوں پر چیک پوسٹیں بنا کر لوگوں کو تنگ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سیکیورٹی کے نام پر عوام کا استحقاق مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کہا گیا کہ دیگر صوبوں میں شاہراہوں اور شہروں کے اندر وفاقی سیکیورٹی ادارں کی چیک پوسٹیں نہیں، دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی چیک پوسٹیں نہیں ہونی چاہئیں۔

کابینہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے سماج دشمن عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیاں کریں، شاہراہوں پر چیک پوسٹوں کی افادیت کبھی سامنے نہیں آئی اور نہ ہی آج تک کوئی دہشت گرد بسوں سے گرفتار ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024