• KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:30pm
  • LHR: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • ISB: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:30pm
  • LHR: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • ISB: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm

کراچی: مردہ حالت میں جناح ہسپتال لائی گئی خاتون کی ساس اور شوہر کو حراست میں لے لیا گیا

شائع June 26, 2023
ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید کہا کہ لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید کہا کہ لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

کراچی پولیس نے گزشتہ روز مردہ حالت میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لائی گئی نوجوان خاتون کی ساس اور شوہر کو حراست میں لے لیا۔

ہفتے کی صبح نامعلوم دو افراد خاتون کی لاش کو کار میں ہسپتال لائے تھے، پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت 21 سالہ عائشہ کاشف کے نام سے ہوئی جو گلستان جوہر کی رہائشی تھی، تاحال واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

آج ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ساؤتھ (ایس ایس پی) سید اسد رضا نے کہا کہ عائشہ کاشف نے اپنی موت سے قبل ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے فیز 2 کے ایک بنگلے میں ایک پارٹی میں شرکت کی۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید کہا کہ متوفیہ خاتون کی ساس نصرت ثوبیہ اور شوہر کو آج حراست میں لے لیا گیا تاکہ ان دو افراد کا پتا لگاجائے جو لاش کو جناح ہسپتال میں چھوڑنے کے بعد فرار ہو گئے تھے۔

ڈیفنس پولیس کو جمع کرائے گئے تحریری بیان میں نصرت ثوبیہ نے کہا کہ وہ طلاق یافتہ ہے اور گزشتہ 16-17 برسوں سے گلستان جوہر بلاک 16 میں رہائش پذیر ہے۔

خاتون نے بتایا کہ اس کا بیٹا محمد عادل چھ سات ماہ قبل تک آن لائن ٹیکسی سروس سے منسلک تھا لیکن اب بے روزگار ہے، نوکری ختم ہونے کے بعد وہ ہیروئن کا عادی ہو گیا۔

نصرت ثوبیہ نے مزید کہا کہ محمد عادل نے دو برس قبل عائشہ کاشف سے شادی کی تھی جو ایک بیوٹی پارلر میں کام کرتی تھی۔

زیر حراست خاتون نے مزید کہا کہ اس نے اپنی بہو کے انتقال کی خبر نیوز چینلز کے ذریعے سنی جب کہ وہ پنجاب گئی ہوئی تھی۔

خاتون کے بیان کے مطابق وہ فوری طور پر ہفتے کو کراچی واپس آئی اور چھیپا مردہ خانے میں عائشہ کاشف کی لاش کی شناخت کی۔

خاتون نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پولیس اسٹیشن بیان دینے آئی ہوں کہ ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا یا دشمنی نہیں، اس لیے کسی کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتی۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے کہا کہ متوفیہ کے شوہر نے پولیس کو بتایا کہ وہ بھی کوئی قانونی کارروائی کرنا نہیں چاہتا۔

اسد رضا نے مزید کہا کہ اس سے قبل نصرت ثوبیہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اس کیس میں قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتی جس کے بعد متوفیہ کے والد کا پتا لگایا گیا جو اوکاڑہ میں ہیں۔

پولیس افسر نے کہا کہ توقع ہے کہ متوفیہ کے والد پیر کے روز کراچی پہنچیں گے، اگر والد ایف آئی آر درج کرانا چاہتے ہیں تو پولیس خاتون کی موت سے متعلق قانونی کارروائی شروع کرے گی۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید کہا کہ لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس قانون کے مطابق مقتولہ کے والد کی جانب سے کارروائی کی منتظر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024